پاکستان ریلوے:3 ہزار ڈرائیورز کی تربیت کیلئے صرف ایک سیمولیٹر


ٹرین حادثات کے بڑھتے واقعات نے ریلوے عملے کی ٹریننگ پر سوالیہ نشان لگادیے ہیں، ذرائع کے مطابق ریلوے کے پاس تین ہزار ڈرائیورز کی ٹریننگ کے لیے صرف ایک ہی سیمولیٹر یعنی تربیت کےلئےجدید آلات سے لیس مخصوص کمرہ موجود ہے۔

ٹرین حادثات میں دن بدن اضافہ ہورہاہے مگر ریل گاڑیوں کے  ڈرائیورز کی ٹریننگ کے لیے والٹن لاہورمیں  صرف ایک آرٹیفیشل ٹریننگ روم موجود ہے۔3 ہزار کے قریب ڈرائیورز کی ٹریننگ کیلئے پاکستان ریلوے کے پاس صرف ایک ہی سیمولیٹرہے۔

ذرائع کے مطابق آرٹیفیشل ٹریننگ روم والٹن اکیڈمی میں موجود ہے،وزیر ریلوے شیخ رشید نے عملے کی ٹریننگ کے لیے سیمولیٹر ہی نہ خریدا، آرٹیفیشل ٹریننگ روم میں عملے کو جدید کمپیوٹرز اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹرین آپریشن سکھایا جاتا ہے۔ ایک سیمولیٹرپورے پاکستان کے ڈرائیورز کی ٹریننگ کے لیے ناکافی ہے۔

محکمہ ریلوے کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ ہر ڈرائیور کی تین سال بعد سیمولیٹر پرٹریننگ لازم قرار دی گئی ہے،ڈرائیورز کی بہت کم تعداد سیمولیٹر پرٹریننگ کیلئے لاہور آتی ہے۔ جدید ٹیکنیک نہ سیکھنے کی وجہ سے آئے روز ٹرین حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔

رواں برس بھی سیمولیٹرکیلیے بجٹ میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی، پی سی ون بھی والٹن اکیڈمی انتظامیہ سے مشاورت کے بغیر بھیجا گیاہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ  وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید عجلت میں ٹرینوں کے افتتاح کررہے ہیں،  عملے کی ٹریننگ کا پلان موجود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: رحیم یارخان ٹرین حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی


متعلقہ خبریں