قومی احتساب بیورو اور بلوچستان پولیس کی مشترکہ کارروائی،جعلی نیب افسر گرفتار


قومی احتساب بیورو(نیب )بلوچستان اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں نیب کا جعلی افسر گرفتار کرلیاگیاہے۔ ملزم نے لوگوں کو بلیک میل کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

نیب کی طرف سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا گیاہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر جعلی نیب افسر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا ہے کہ عوام کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، نیب کے نام پر دھمکانے اور بلیک میل کرنے والے افراد کی نشاندہی کی جائے، ایسے عناصر کی خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

قومی احتساب بیورو بلوچستان کی انٹیلی جینس ٹیم کی نشان دہی پر بلوچستان پولیس نے خود کو نیب افسر ظاہر کرکے لوگوں کو بلیک میل کرنے والا جعلسازکو گرفتار کیا۔   میٹروپولیٹن کارپوریشن آفس کوئٹہ کے چھوٹے درجے کے ملازم عدیل شہزاد نے نیب کا نام استعمال کرتے ہوئے لوگوں سے لاکھوں روپے وصول کئے۔

نیب کو کچھ عرصے سے اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ نیب کے نام پر چند جعلساز لوگوں کو بلیک میل کرکے پیسے لے رہے ہیں، نیب کی انٹیلی جینس ٹیم نے مختلف محکموں میں ان عناصر کی سرکوبی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں، جسکے نتیجے میں ایک جعلساز کو نیب اور پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

ڈی جی نیب بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ نیب کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرتا ہے، جعلساز عناصر کی جانب سے نیب کی آڑ میں اپنے مزموم مقاصد کے حصول کیلئے لوگوں سے پیسے اینٹھنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جس پر کاروائی کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں اسی نوع کے کیسز کی اطلاعات ہیں جس کی چھان بین کی جارہی ہے۔نیب کے نام پر دھمکانے اور بلیک میل کرنے والے افراد احتساب کے قومی ادارے کی ساکھ کے کو داو پر لگانے کے در پے  ہیں۔

ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا کہ ایسے عناصر کی عوام نشاندہی کرے تاکہ انک خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔نیب کے ادارے کا نام استعمال کرنے والے افراد کی شکایات نیب بلوچستان آفس کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:جعلی کال اپ نوٹس بھیجنے کے معاملے کی انکوائری چیرمین نیب کریں ، سندھ ہائیکورٹ


متعلقہ خبریں