مون سون بارشیں: ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ

سخی سرور میں موسلادھار بارش، سیلابی ریلا آبادی میں داخل

فائل فوٹو


محکمہ موسمیات نے جمعرات تک اکثر علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔

تیز بارشوں کی وجہ سے ہزارہ، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی اور ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشیں جم کر برس رہی ہیں ۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ جڑواں شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔

مون سون بارشوں نے ہر سو جل تھل ایک کر رکھا ہے ۔بارش سے جہاں  درجہ حرارت میں کمی ہوئی  ہے تو وہیں  یہ اپنے ساتھ مشکلات بھی لائی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بادل جم کر برسے ۔بارش کے بعد راول پنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ۔

ڈی سی راول پنڈی کے مطابق پانی کی نکاسی کے لیے ٹیمیں موقع پر موجود ہیں ۔اسلام آباد سرکل کے 31 فیڈرز پرفالٹ اور ٹرپنگ سے بجلی سپلائی متاثر ہوئی ۔

اسلام آباد کلب،ایف سکس ٹو،آئی ایٹ ٹو، جی نائن ٹو،ایف الیون ٹو اور کراچی کمپنی کے علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے ۔راول پنڈی سرکل کے58 فیڈرز پر خرابی سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ۔گرجا روڈ، خیابان سرسید، پیپلزکالونی، اڈیالہ، پشاور روڈ اور اصغر مال سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔

گوجرانوالہ، گجرات، شکر گڑھ، حافظ آباد اور پسرور سمیت کئی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہو گیا ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات تک اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختون خواہ میں بارش کا امکان ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: اتوار سے جمعرات کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی


متعلقہ خبریں