مریم نواز ن لیگ کیلئے پورس کی ہتھنی ثابت ہونگی، شیخ رشید



وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو تباہ کیا ہے وہ اپنی جماعت کے لیے پورس کی ہتھنی ثابت ہونگی۔

شیخ رشید احمد نے یہ بات لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کی ۔  انہوں نےیہ دعوی بھی کیا کہ  ناصر جنجوعہ کبھی ان کے حق میں بیان نہیں دیں گے ، ناصر  بٹ اورناصرجنجوعہ یہ لوگ کبھی حلفیہ بیان نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان منی ٹریل نہیں دے سکتا ،جو جتنا چیخ رہاہے اتنا بڑا کیس اس کے کندھے سے لٹک رہاہے۔ فیصلہ ریورس بھی ہوا تو نوازشریف کو دوسرے میں سزا ہو جائے گی۔ میں عدلیہ کو ملکی جمہوریت کا ضامن سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی یہ سمجھ رہا عدلیہ ،فواج کو الزام دے کر یہ ٹارزن بننے جارہےہیں ،یاد رکھیں چور مچائے شور کی فلم 90دن میں انجام کو پہنچ جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حالات تیزی سے بڑی عجیب جانب جارہےہیں ،جو پیسے دینے کو تیار ہے ہم مذاکرات کیلیے تیار ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کا مزاج ایک جیساہے۔

شیخ رشید احمد نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ صادق سنجرانی کو جیتا ہوا دیکھ  رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ دعوی بھی کیا کہ ایک بادشاہ نے نواز شریف کو چھوڑنے کے لیے عمران خان سے بات کی لیکن انہوں نے یہ بات نہیں مانی ۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  یہ بھی کہا کہ  ہم نے ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ریلوے کا حق ہے۔انہوں نے ریلوے حادثات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ٹرین کے افسوس ناک حادثات ہوئےہیں۔ کھلے پھاٹک کے باعث کئی ٹرینوں کی ڈی ریلمنٹ ہوئی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈرائیورز اور اسٹیشن ماسٹرز کی کمی کو پورا کررہےہیں،ریلوے بڑا نیٹ ورک ہے،ریلوے نے اس سال 7لاکھ مسافر زیادہ اٹھائے ہیں۔ان افراد میں وہ لوگ شامل ہیں جو جہاز میں سفر نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی ایکسپریس لاہور سے19جولائی کو چلانے جارہےہیں،ہم نے 10اےسی کوچز لاہور سے کراچی اسٹینڈ بائی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ریلوےکا خسارہ 5 بلین روپے کم کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت 136مسافر ٹرینیں اور 55 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر ہیں،جو ٹرینیں ہم نے چلائیں ہیں وہ ضرورت کےتحت ہیں،ریلوےکااصل مسئلہ سکھر ڈویژن میں ہے، کوئی افسرسکھرجانا نہیں چاہتا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نئی کوچز خریدنے کا فیصلہ کیاہے مگرنیب سے لوگ ڈرتے ہیں اس لیے فیصلہ نہیں کرتے ،ریلوے میں 1122طرز کی سیفٹی لیول اور لوکو موٹو میں کیمرے لگانے کا فیصلہ  بھی کیاہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے  کہا کہ حادثات سے بچنا صرف ریلوے ٹریک کی تبدیلی کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔وزارت ریلوے  کی طرف سے جلد ٹریک کی تبدیلی اور سگنلز کی تبدیلی کا بھی ٹینڈر کھول دیا جائے گا۔ ایم ایل ون میں نواب شاہ روہڑی کا ٹریک ٹھیک کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حکومتی ترجمانوں کے بلاول بھٹو اور مریم نواز پر لفظی وار

مریم نواز کی وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید


متعلقہ خبریں