ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم دو دھڑوں میں تقسیم


نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی رپورٹس منظر عام پر آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹیم کے دو اسٹار کھلاڑیوں کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کھلاڑی ویرات کوہلی اور ہیڈ کوچ روی شاستری کی جانب سے یک طرفہ اقدامات کے حوالے ناخوش ہیں اور ٹیم دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔

بھارتی ٹیم میں ورلڈ کپ کے لیے امباتی رائیڈو کی جگہ وجے شنکر کو چوتھی پوزیشن پر کھلائے جانے کے حوالے سے بھی اختلاف پایا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کو اس لیے فوقیت دی جارہی ہے کہ وہ کوہلی کے دھڑے سے تعلق رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم عالمی کپ 2019 کے لیے فیورٹ تصور کی جارہی تھی تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی خلاف توقع شکست نے بھارتی بورڈ اور ٹیم انتظامیہ کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا تھا۔

روی جدیجہ اور مہندر سنگھ دھونی نے پڑوسی ملک کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے۔

عالمی کپ کو فائنل کل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں