بارش سے موسم خوشگوار لیکن عوام پریشان

ملک بھر میں بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا

فائل فوٹو


لاہور: ملک کے اکثر علاقوں میں اتوار کی شب ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں تو کمی آئی لیکن بدانتظامی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں بارش کے سبب پلوں کے نیچے پانی کھڑا ہو گیا اور متعدد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

چوبرجی، مزنگ اڈا، مال روڈ، قرطبقہ چوک، اسلام پورہ اور میسن روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی موجود رہا جو عوام کے لیے پریشانی کا سبب بنا رہا۔

رائیونڈ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے سبب بجلی کے کھمبے گر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

شیخوپورہ میں بھی گزشتہ شب سے خراب موسم کے سبب بجلی چلی گئی جبکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔

چنیوٹ اور منچن آباد میں صورتحال ایسی ہی رہی اورمتعدد فیڈرز کے ٹرپ ہونے کے باعث بجلی کی ترسیل معطل ہو گئی۔

فیصل آباد میں بھی مون سون کی پہلی بارش نے واسا کے انتظامات کی قلعی کھول دی۔ نشینی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور بعض علاقوں میں بجلی آنکھ مچولی کھیلنے کے بعد طویل وقت کے لیے چلی گئی۔

ہم نیوز کی نامہ نگار اسما ریاض نے جب واسا حکام سے رابطہ کیا تو علم ہوا کہ محکمے کے پاس صرف 25 ملی میٹر تک بارش سے نمٹنے کے انتظامات ہیں۔

ایم ڈی واسا فقیر محمد نے بتایا کہ شہر میں نو مون سون ایمرجنسی کیمپ بنادئیے گئے ہیں اور دستیاب وسائل کے ساتھ عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں بھی بارش کے سبب بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہے اور گزشتہ کئی گھنٹے سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صوابی میں تیزآندھی کے سبب تاریں اور کھمبے ٹوٹنے سے 14 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہوئی اور عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہو چکا ہے جب کہ کاروباری زندگی مفلوج ہے۔

مردان میں معمولی بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور 10 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی۔

بارش کے سبب بجلی کی عدم دستیابی اور دیگر مشکلات کا شکار عوام نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ باراں رحمت بد انتظامی کے سبب زحمت بن چکی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہونے کے سبب متعلقہ سرکاری اداروں میں کوئی ٹیلی فون نہیں اٹھا رہا اور نہ بحالی کا کوئی کام شروع ہوا۔

رابطہ کرنے پر واپڈا حکام نے ہم نیوز کو بتایا کہ شدید بارش اور آندھی کے سبب درخت گرنے سے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں، ادارے کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور بحالی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

واپڈا حکام نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہوجائے گی۔


متعلقہ خبریں