شہباز شریف پر زلزلہ متاثرین کو دی جانے والی امداد میں خرد برد کا الزام



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیخلاف برطانیہ میں تفتیش شروع ہوگئی ہے اور ان پر زلزلہ متاثرین کی امداد میں خرد برد کا الزام ہے۔

اخبار میل آن لائن کے مطابق برطانوی شہری آفتاب محمود نے شہباز شریف کے لیے لاکھوں پاونڈز کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا جس کے بعد یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثے کیسے بڑھ رہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے 2005 کے زلزلہ متاثرین کے لیے پنجاب حکومت کے اکاونٹ میں 50 کروڑ پاونڈز جمع کرائے تھے لیکن شہباز شریف نے اس میں لاکھوں پاونڈز کی کرپشن کی۔

برطانوی تفتیش کاروں کے مطابق جب 2005 میں پاکستان کو شدید مشکلات کا سامنا تھا تو اس وقت شہبازشریف کے داماد کو بھی 10 لاکھ پاونڈز متاثرین کی امداد کی مد میں دیے گئے تھے۔

مسلم لیگ ن کے موجودہ صدر نے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی فنڈ کے محکمے(آئی ڈی ایف ڈی) کے منصوبوں سے بھی کچھ رقم  چرائی ہے۔

برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں کرپشن سے چرائے گئے لاکھوں پاونڈز برمنگھم منتقل کیے گئے جہاں سے رقم شہبازشریف کے برطانوی بینک اکاونٹس میں منتقل ہوئی۔

زلزلہ متاثرین کی امداد اور دیگر ذرائع سے کی گئی خرد برد کی رقم سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ، بچوں اور داماد علی عمران کو منتقل کی گئی۔

سابق سیکرٹری آئی ڈی ایف ڈی کا کہنا ہے کہ برطانیہ اینٹی کرپشن پر سالانہ کروڑوں پاونڈز خرچ کررہا ہے لیکن اس کے باوجود امداد کا منی لانڈرنگ میں استعمال تشویش ناک ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق 2003میں شریف خاندان کے اثاثے ڈیڑھ لاکھ پاونڈز تھے اور 2018 میں 20 کروڑ پاونڈ تک پہنچ گئے۔

تحقیقات کے مطابق شریف خاندان کی دولت میں کئی بار اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن اضافے کا واضح جواز پیش نہیں کیا جاسکا۔

برطانوی تحقیقاتی ٹیم کے مطابق منظور حسین نامی شخص نے لگاتار 13 مرتبہ رقم برمنگھم سے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت، بیٹے حمزہ اور سلمان شہباز کے اکاونٹ میں منتقل کی جس کا مجموعہ 12 لاکھ پاونڈ بنتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رقم منتقل کرنے والے شخص کو شناختی کارڈ نمبر سے ٹریس کرنے پر علم ہوا کہ وہ پاکستان کے چھوٹے سے گاوں میں پرچون کی دکان چلاتا ہے اور کبھی برطانیہ گیا ہی نہیں۔

ایک اورمحبوب علی نامی شخص نے بھی آٹھ لاکھ 50 ہزار پاونڈز برمنگھم سے شہبازشریف کے اہل خانہ کو بھجوائے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اہل خانہ کو رقم منتقل کرنے والا مذکورہ شخص لاہور میں لیموں کی سکنجبین فروخت کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں