ریکوڈک کیس: فیصلے کے بعد تحقیقاتی کمیشن بنانے کی ہدایت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ریکوڈک کیس میں پاکستان پر ہرجانہ عائد کیے جانے پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کی ہدایت کردی جو ذمہ داران کا تعین کرے گا۔

اٹارنی جنرل آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اٹارنی جنرل آفس اور صوبائی حکومت بلوچستان فیصلے کے قانونی اور مالی اثرات کاجائزہ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ریکوڈک معاملے پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کی ہدایت کردی ہے جو نہ صرف ذمہ داران کا تعین کرے گا بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سفارشات بھی دے گا۔

اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان مشاورت سے تمام پہلوؤں کاجائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام قانونی آپشنز استعمال کرنے کا حق رکھتی ہے۔

حکومت پاکستان نے ٹی ٹی سی کمپنی کی جانب سے معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ریکوڈک ذخائر کی ڈویلپمنٹ میں دلچسپی رکھتا ہے اور بطور ذمہ دار ریاست بین الاقوامی معاہدوں کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔

پاکستان نہ صرف تمام بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے بلکہ ان کے قانونی حقوق اور مفاد کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں