کوئلے کی کان میں پھنسے مزدوروں کو بچانے کے لیے آپریشن جاری



کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسے گیارہ مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مزدور رات گئے کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث پھنس گئے تھے جن کو نکالنے کے لیے مقامی ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ موقع پر موجود دیگر مزدوروں نے بھی اس آپریشن میں حصہ لیا۔

مزدوروں کو بچانے کے لیے کوئٹہ سے بھی امدادی ٹیمیں ڈگاری پہنچ گئی ہیں۔ مزدوروں کو جلد سے جلد بحفاظت کان سے نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کان کنوں کو نکالنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور حکومت کی ریسکیو ٹیمیں و ماہرین کل سے ریسکیو مشن پہ برسرپیکار ہیں۔ کان کنوں کو بخیر وعافیت نکالنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے اس حوالے سے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلی جام کمال کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیم ایمبولینسز کے ہمراہ ڈیگاری کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیم کوئلے کی کان میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو نکالنے کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں چیف انسپیکٹر مائنز کی مدد کرے گی۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں کان کنوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔

اس سے قبل بھی مزدوروں کے ساتھ کئی ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن کے باعث بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


متعلقہ خبریں