وزیر اعظم نے 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد میں رجسٹریشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھر بنانے میں آسانی کے لیے کل ایک قانون لا رہے ہیں جبکہ آسان شرائط پر قرضوں کے لیے بھی قانون جاری کریں گے کیونکہ غریب طبقے کے پاس گھر بنانے کے لیے وسائل موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد لوگ ایسے ہی جن کے پاس اپنے مکان بنانے کے لیے وسائل موجود نہیں ہیں اس کے لیے آن لائن رجسٹریشن سے ڈیٹا اکھٹا کر رہے ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کس جگہ گھروں کی زیادہ ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تعمیرات کا شعبہ جلد ترقی کرے اور اس میں زیادہ سے زیادہ لوگ آئیں کیونکہ پاکستان میں ہاؤسنگ کا شعبہ بہت پیچھے رہ گیا ہے تاہم بہت سے لوگ اس سیکٹر میں کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق رجسٹریشن کا عمل تین ماہ تک جاری رہے گا، ہر خاندان سے ایک ہی فرد اس میں حصہ لے سکتا ہے۔

رجسٹریشن فارم نادرا کی ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ نادرا ای سہولت فرنچائز سے بھی اسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں : 50 لاکھ گھروں کی تعمیر: عمران خان خود نگرانی کریں گے

50 لاکھ گھروں کی تعمیر پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نعرہ بھی تھا اور حکومت میں آنے کے بعد وزیراعظم نے خود اس منصوبے کی نگرانی کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے، اس سے نہ صرف ملک میں بے گھر افراد کی رہائش کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ اس سے لاکھوں بے روز گار افراد کو نوکریاں میسر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا اعلان

گزشتہ برس اکتوبر میں عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے عوام سے ان کی ضرورت معلوم کریں گے پھر گھر بنائیں گے۔ 60 دنوں میں رجسٹریشن مکمل کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں