جمی نیشم نے بچوں کو کھیل میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دے دیا


عالمی کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے دلبرداشتہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جمی نیشم نے بچوں کو کھیل میں حصہ نہ لینے کا مشورہ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری  پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچو کھیلوں میں شمولیت نہ اختیار کرنا، بیکری کا کام سیکھ لیں یا پھر کوئی اور کام کریں، چاہے موٹے ہو جائیں مگر خوش رہیں۔

اس سے قبل انہوں نے نیوزی لینڈ کے تمام مداحوں سے شکست پر معذرت کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ میچ کے دوران ہماری پذیرائی کرنے کے لئے بہت شکریہ، ہمیں معاف کر دیں کہ ہم آپ کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں شکست بہت تکلیف دہ ہے، میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ آنے والے دو دنوں تک میں میچ کا آخری آدھے گھنٹے کا کھیل زہن سے نکال سکوں۔

انہوں نے اس موقع پر انگلینڈ کو جیت پر مبارک باد بھی پیش کی۔

یاد رہے عالمی کپ 2019 کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔

دونوں ٹیموں کا میچ برابر ہونے پر ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ٹائٹل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

انگلینڈ نے سپر اوور میں نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 15 رنز بنائے اور میچ ایک بار پھر برابر ہو گیا تاہم انگلینڈ کی ٹیم زیادہ باؤنڈریاں لگانے پر فاتح قرار پائی۔


متعلقہ خبریں