پنجاب: میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا


پنجاب بھر کے مختلف ثانوی و اعلی ثانوی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔

نتائج  کے مطابق طلباء اور طالبات میں صحت مندانہ مقابلہ دیکھا گیا، کہیں طلباء نے بازی مار لی اور کہیں طالبات  نے مات دے دی۔

لاہور بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق نجی اسکول کے طالبعلم دانش اطہر نے 1100 میں سے 1092 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انوشے زکریا، سید حسن عباس اور عفان عامر نے 1090 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ صبا اقبال اور سائرہ حیات نے 1089نمبر لے کر تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں۔

لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں 227221 طلبا نے شرکت کی جن میں سے  163026 طلبا نے کامیابی حاصل کی جبکہ 64195 طلبا میٹرک امتحانات پاس نہ کرسکے۔

میٹرک امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 71.75 فیصد رہا۔ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب 80.48 جب کہ آرٹس گروپ میں 53.18 رہا۔

لاہور بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں تقریب کاانعقاد کیا جائے گا جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلز سے نوازا جائے گا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن مراد راس اور صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں ہوں گے۔

تقریب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ  کو بیس ہزار روپے کیش اور میڈل سے نوازا جائے گا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پندرہ ہزار روپے کیش اور میڈل سے نوازا جائے گا۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو دس، دس ہزار روپے کیش میں میڈل دیے جائیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر تنویر احمد اور کنٹرولر امتحانات نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2019 کے نتائج کا اعلان کیا۔

نتائج کے مطابق پہلی تینوں پوزیشنیں کیڈٹ کالج حسن ابدال اٹک کے طلبہ نے حاصل کرکے میدان مار لیا۔ کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طالبعلم  وقاص احمد نے 1089 نمبر لے کر پہلی پوزیشن  اپنے نام کی۔ کیڈٹ کالج حسن ابدال ہی کے عبداللہ ظفر اور شایان احمد نے 1086 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بورڈ میں لڑکیوں کی کامیابی کی شرح 83. 32 فیصد جبکہ جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 70. 76  رہا۔ امتحانات میں مجموعی کامیابی کی شرح 76 اعشاریہ 54 فیصد رہی۔

بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے اعلان کردہ میٹرک کے نتائج کے مطابق زکریا خالد ، محمد ارقم آفتاب اور سہلہ وقاص 1088 نے نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

سارہ عمر نے 1087 نمبر کے دوسری پوزیشن جبکہ اروبا طیب نے 1086 نمبر لے کر تیسرے پوزیشن پر براجمان ہوئیں۔

کل 65164 طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں سے 47374 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ رزلٹ کا تناسب 72.70فیصد رہا۔

ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک کےسالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پہلی تینوں پوزیشین لڑکیوں کے نام رہی ہیں۔

امتحانات میں 75 ہزار 178 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے  62 ہزار 738 طلباء و طالبات 83.45 فیصد  کامیابی کے تناسب سے کامیاب قرار پائے۔

مظفرگڑھ کی ماہم اشرف نے 1092 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کوٹ ادو کی علیہا فاطمہ نے 1091 نمبر لیکر دوسری پوزیشن اور ڈیرہ غازی خان کی حوریہ فاطمہ نے 1089 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

سرگودھا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اعلان کردہ میٹرک کے امتحانات کے رزلٹ کے مطابق 85 ہزار 254  طلباء وطالبات نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 65  ہزار 389  نے کامیابی حاصل کی اور اس طرح  میٹرک امتحانات میں کامیابی کا تناسب 77.39 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں میٹرک نتائج کا اعلان، طالبات بازی لے گئیں


متعلقہ خبریں