ن لیگ کا عمران خان کے خلاف برطانوی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان



اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے عمران خان اور دیگر کے خلاف برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل میں جھوٹی خبر لگوانا وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے جن کا سب سے بڑا اثاثہ جھوٹ ہی لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر ذاتی انا میں اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ ملک کی بھی پرواہ نہیں کی جبکہ شہباز شریف سے متعلق اس جھوٹی خبر کی اتوار کو تردید بھی آ گئی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان سمیت ان لوگوں پر شہباز شریف نے پہلے بھی کیس کیے تھے لیکن یہ لوگ عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جبکہ شہباز شریف اب برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور دیگر کے خلاف ہتک عزت کا کیس کر رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے یہ ادھر بھی پیش نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ان لوگوں سے بھی تفتیش کرے جو جھوٹے مقدمات بنوا رہے ہیں۔ راولپنڈی اور ملتان کی میٹرو تو چل رہی ہے لیکن پشاور کی میٹرو اب تک نہیں چلی۔

یہ بھی پڑھیں شہباز خاندان کیخلاف تمام شواہد برطانوی عدالت میں پیش کروں گا، بیرسٹر شہزاد اکبر

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں شہباز شریف نے 10 ارب روپے کی آفر کی لیکن اس کیس میں عمران خان کا وکیل آج تک پیش نہیں ہوا۔ عمران خان اور شہزاد اکبر کے پاس جو ثبوت ہیں وہ نیب کو کیوں نہیں دے رہے ؟

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر پرویز مشرف کے دور میں شروع ہونے والے کام میں کرپشن کا الزام لگایا جا رہا ہے تاہم انہوں نے جو پے آرڈر پیش کیے وہ اسٹیٹ بینک سے چیک کرائے جا سکتے ہیں۔ اس معاملے میں نوید اکرام کا ذکر کیا جا رہا ہے کہ اس نے گواہی دی جبکہ نوید اکرام کو شہباز شریف نے کرپشن کے الزام میں نکالا تھا اور جس شخص نے نوید اکرام کو گرفتار کیا تھا اس کو ہی نوید اکرام کا ساتھی بنا دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ شہزاد اکبر میں ہمت ہے تو شہباز شریف کے خلاف ثبوت برطانیہ کی عدالت میں پیش کریں وہ ایک پریس کانفرنس کریں گے تو ہم جواب میں 3 پریس کانفرنسیں کریں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میرے خلاف برطانیہ میں مقدمہ کر سکتے ہیں میں برطانوی عدالت میں تمام شواہد پیش کروں گا۔


متعلقہ خبریں