جس شخص نے گاجر کھائی ہے اس کے پیٹ میں درد تو ہوگا،شیخ رشید


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اللہ کی طرف سے یہ لوگ پکڑ میں آچکے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر دعوی کردیا کہ  90 دنوں میں بڑے بڑے لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے  گفتگو میں انہوں نے کہا سابق وزیراعلیٰ پنجاب  اورمسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کی پوری کوشش ہے کہ ان کی اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی بچت ہو جائے تاہم وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے ویڈیو ویڈیو کھیل رہے ہیں اور مریم نواز نے پارٹی کو مار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس شخص نے گاجر کھائی ہے اس کے پیٹ میں درد تو ہوگا۔

استعفی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ جب ضمیر پر بوجھ پڑا تو استعفیٰ دے دوں گا لیکن ابھی ایسا کچھ نہیں ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے نئی ٹرین چلائی اس پر فخر ہے۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ ہر پریس کانفرنس پر تاریخ دے دیتے ہیں کیا کوئی پیشگوئی درست ہوئی؟ اس کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سوال آپ کا حق ہے اور جواب نہ دینا میرا اختیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں  نالہ لئی میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 90 دنوں میں بڑے بڑے لوگ انجام کو پہنچیں گے، شیخ رشید


متعلقہ خبریں