موٹروے ایم فائیو کو آمد و رفت کیلئے اگست میں کھول دیں گے، مراد سعید


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اللہ کریم کے فضل و احسان سے تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں مغربی روٹ فعال ہونے جارہا ہے، ایم فائیو کی تکمیل قوم کے لئے بڑی خوشخبری ہے، وزارت مواصلات ایم فائیو کا انتظام و انصرام سنبھالنے کیلئے پوری طرح تیار ہےاور اسے اگست میں آمدورفت کیلئے کھول دینگے۔

مراد سعید نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں قائم مقام چینی سفیر ژاؤ لی جیانگ  سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات  کے دوران کیا۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ سی پیک کی صورت میں پاکستان کی معاشی ترقی میں چین کے اشتراک کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں،سی پیک پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا عمدہ اظہار ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ ایم-فائیو کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے گاڑیوں کی فراہمی اور پولیس کی بھرتی کا عمل تیزی سے جاری ہے،تحریک انصاف قومی منصوبوں کی تعمیر میں شفافیت کو اعلیٰ ترین درجے میں یقینی بنا رہی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ قومی وسائل سے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں میں شفافیت کے حوالے سے قوم و پارلیمان کو مکمل جوابدہ ہیں۔

وزارت مواصلات کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ چینی سفارتکار کی جانب سے وزارت مواصلات کی صلاحیت و استعداد کا بھرپور اعتراف کیا گیا۔

ملاقات میں چائنہ ا سٹیٹ کنسٹرکشن کمپنی کے سربراہ اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی بھی شریک تھے۔

اس موقع پر دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے علاوہ سی پیک پراجیکٹس کے حوالے سے اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو پر خصوصی بریفنگ شامل تھی۔

یہ بھی پڑھیے: سی پیک کی سمت تبدیل نہیں ہونے دیں گے، عبدالرزاق داؤد


متعلقہ خبریں