کراچی میں فائرنگ، پروفیسر کی اہلیہ جاں بحق

کراچی میں فائرنگ، یونیورسٹی پروفیسر کی اہلیہ جاں بحق

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: شہر قائد کے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ سے یونیورسٹی پروفیسر کی اہلیہ جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس نے قتل کی واردات کو مشکوک قرار دے دیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کو سر میں گولی لگی تھی جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج جاں بحق ہو گئیں۔ مقتولہ کی گاڑی کے قریب سے پرس کا ٹوٹا ہوا ہک اور 30 بور کا خول ملا ہے جس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان نے خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار دی۔

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر علی رضا کی اہلیہ ہیں جنہیں یونیورسٹی گیٹ کے سامنے ہی نشانہ بنایا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر علی رضا جامعہ میں ایک شعبہ کے سربراہ ہیں۔

ایس پی گلشن اقبال ڈویژن شاہ نواز چاچڑ قتل کی واردات کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال تھانے کی حدود میں ہونے والے اس واقعے کی اطلاع ون فائیو پر ایک بجے دی گئی اور یہ واقعہ تقریبا 12 بجکر 50 منٹ پر پیش آیا تھا۔

شاہ نواز چاچڑ کے مطابق خاتون گھر کا سامان خریدنے کے بعد واپس گھر جا رہی تھیں کہ یونیورسٹی کے عقب میں موجود گلی میں خاتون کو نشانہ بنایا گیا شبہ ہے واردات میں 2 سے 3 افراد شامل تھے جنہوں نے خاتون پر ایک گولی چلائی۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں کو خاتون سڑک پر گری ہوئی ملیں جن کے سر میں گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ پولیس واقعہ کی دو پہلوؤں سے تفیش کر رہی ہے جس میں دوران ڈکیتی ڈاکوؤں نے فائرنگ کی یا پھر یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہو سکتا ہے تاہم پولیس ابھی تک کسی نتیجہ پر نہیں پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: فائرنگ کے واقعات میں نیوز اینکر سمیت چار افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق دشمنی کا معاملہ تو خاتون کے اہلخانہ ہی بتا سکتے ہیں لیکن وہ اس وقت پریشان ہیں اس لیے پولیس نے ان سے اس حوالے سے بات نہیں کی تاہم ورثا کے بیان کے بعد ہی دشمنی والا معاملہ واضح ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈکیتی کی واردات ہوتی تو ملزمان اپنے ساتھ کچھ لے کر بھی جاتے لیکن وہ کچھ نہیں لے کر گئے تاہم پولیس ڈکیتی کو سامنے رکھ کر بھی تفیش کرے گی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر اس سے قبل بھی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں لیکن خاتون کو پہلی بار نشانہ بنایا گیا۔


متعلقہ خبریں