سال کی سب سے بڑی فلم ’سپر اسٹار‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا


مومنہ اینڈ دُرید پروڈکشنز اور ہم فلمز کی جانب سے اس سال کی سب سے بڑی فلم ’سپر اسٹار‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیاہے۔ تین منٹ 6سکینڈ کا ٹریلر ہم ٹی وی کے آفیشل یوٹیوب پیج پر لانچ کیا گیاہے۔

سپراسٹار کے پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی تھی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ہوتے ہی اس کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیاتھا۔

مومنہ اینڈ دُرید پروڈکشنز کی یہ پیشکش ہم فلمز کے بینر تلے اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم سٹار ماورا حسین نے بھی ٹیم سپرسٹارکے لیے نیک خواہشات کا اظہار اپنے وڈیو پیغام کے ذریعے بھیجا ہے۔

فلم کے ستارے جاوید شیخ نے فلم ’’سپر سٹار‘‘ کو بھرپور انٹرٹینمنٹ سے مزین فلم قرار دیاہے۔

مومل شیخ نے بھی ٹیم سپر سٹار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔

میکال ذوالفقار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے وڈیو پیغام میں ’’سپر سٹار‘‘ کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔

احتشام الدین کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کا اسکرین پلے اور موسیقی اذان سمیع خان نے تیار کیے جب کہ ڈائیلاگ علی اور مصطفیٰ آفریدی کے تحریرکردہ ہیں۔

سپر اسٹار میں اداکارہ ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ اور مانی کی اسپیشل اپیئرنس بھی شامل ہے جبکہ اداکارہ کبریٰ خان کا ایک اسپیشل ڈانس نمبر بھی فلم کا حصہ ہے۔

ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، عاصمہ عباس، سیف حسن، علیزے شاہ، علی کاظمی اور وقارجیسے نامور فنکار بھی اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں  گے۔

’سپر اسٹار‘ کا پوسٹر جون کے پہلے ہفتے میں جاری کیا گیا تھا جبکہ پہلا گانا’ بے کراں’ جولائی میں ریلیز کیا گیا۔

‘بے کراں’ کو ماہرہ خان اور بلال اشرف پر فلمایا گیا جبکہ اس کے بول شکیل سہیل نے تحریر کیے ہیں۔ دونوں کی اداکاری نے علی سیٹھی اور زیب بنگش کی گائیگی کو چار چاند لگا دیے ہیں اور لازوال اداکاری کے جوہر دکھانے پر انہیں پاکستان فلم انڈسٹری کی بہترین جوڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: فلم ’سپر اسٹار‘ کے پہلے گانے کی سوشل میڈیا پر دھوم


متعلقہ خبریں