عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے شہباز کے وکلاء لندن پہنچ گئے

عمران خان دو دن جیل نہیں کاٹ سکتے،حمزہ شہبازذ|humnews.pk

ڈیلی میل میں شہباز شریف خاندان سے  متعلق خبر شائع ہونے کے معاملے پروزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے وکلاء لندن پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نامور قانون دان سلمان بٹ وکلاء کی ٹیم کی قیادت کریں گے، شہباز شریف کے وکلاء کل لندن میں باضابطہ مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل میں میں شائع ہونے والی خبر کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

وکلاء برطانوی قانون کے مطابق متعلقہ عدالت میں ہتک عزت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کے حوالے سے مقدمہ کے کاغذات تیار کرکے مقدمہ دائر کرینگے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی شہباز شریف نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیلی میل ، عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔

شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا ’’ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کے ایما پر چھاپی گئی۔‘‘

شہباز شریف نے کہا ’’ہم ان دونوں حضرات کی خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ ویسے، عمران خان صاحب آپ کو ابھی میری جانب سے کیے گئے 3 ہتک عزت کے دعوں کا جواب بھی دینا ہے!۔ ‘‘

یادرہے کہ مسلم لیگ ن نے بھی آج  عمران خان اور دیگر کے خلاف برطانیہ کی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل میں جھوٹی خبر لگوانا وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے جن کا سب سے بڑا اثاثہ جھوٹ ہی لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر ذاتی انا میں اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ ملک کی بھی پرواہ نہیں کی جبکہ شہباز شریف سے متعلق اس جھوٹی خبر کی اتوار کو تردید بھی آ گئی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان سمیت ان لوگوں پر شہباز شریف نے پہلے بھی کیس کیے تھے لیکن یہ لوگ عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جبکہ شہباز شریف اب برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور دیگر کے خلاف ہتک عزت کا کیس کر رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے یہ ادھر بھی پیش نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: ن لیگ کا عمران خان کے خلاف برطانوی عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان


متعلقہ خبریں