فیصل آباد کے طلبا مظفر آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے دوران لاپتہ

فیصل آباد کے طلبا مظفر آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے دوران لاپتہ

فیصل آباد: فیصل آباد میں دینی مدرسہ کے 5 طلبا بھی مظفر آباد لینڈ سلائیڈنگ کے دوران لاپتہ ہو گئے۔

مظفر آباد میں لاپتہ ہونے والے پانچوں طلبا گرین ٹاؤن میں واقع جامعہ حسنین میں درس نظامی کا کورس کر رہے تھے جو معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کی زیر سرپرستی کام کر رہا ہے اور لاپتہ ہونے والے پانچوں طلبا چھٹیوں کے دوران تبلیغی جماعت کے ساتھ گئے ہوئے تھے۔

لاپتہ ہونے والے طلبا میں ہارون، سلیمان، عفان، عمران عزیز اور عمر ناصر شامل ہیں۔ عفان غلام محمد آباد اور عمر ناصر کلیم شہید کالونی کے رہائشی تھے، ہارون اور سلیمان ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ عمران مستونگ کا رہائشی تھا۔

یہ بھی پڑھیں آزاد کشمیر، سیلابی ریلے میں 24 افراد لاپتہ، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن

جامعہ حسنین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچوں طلبا کا ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے اور ان کے جاں بحق ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش (کلاؤڈ برسٹ) سے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث 24 افراد لاپتہ ہو گئے۔ پاک فوج کے دستے آزاد کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں جبکہ نیلم جہلم کے دیہات لسوا اور نوسیری میں متاثرہ افراد کے لیے ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں