فلور ملز مالکان کی ہڑتال کی دھمکی، ملک میں آٹے کے بحران کا خدشہ

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کل سے ہڑتال کا اعلان

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے چوکر پر عائد سیلز ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ نہ مانے جانے کی صورت میں ہڑتال کے اعلان کے باعث ملک بھر میں آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ  بڑھ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن چوکر پر عائد سیلز ٹیکس فوری طور پر ختم کرانے کا مطالبہ منوانے کے لیے میدان میں آگئی ہے۔

سندھ سرکل کے چیئرمین نے  مطالبہ  نہ مانے  جانے کی صورت میں کل سے پاکستان کی فلور ملز میں تین روزہ ہڑتال کا عندیہ دے دیا ہے۔

سندھ سرکل کے چیئرمین جاوید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ اگر چوکر پر عائد سیلز ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو مجبوراً آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ ناگزیر ہوگا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی انجمن تاجران پاکستان کی جانب سے حد سے زیادہ محصولات اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی گئی تھی۔

شٹر ڈاؤن ہڑتال کے ساتھ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے تھے اور تاجروں کی جانب سے حکومت کی جانب سے لگائے گئے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) اور دیگر محصولات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور:حکومتی منظوری کے بغیر روٹی اور نان کا وزن کم کر دیا گیا


متعلقہ خبریں