’معاشی ترقی کے جھوٹے دعویدار مرکزی بنک کی رپورٹ سے مکمل بے نقاب ہو گئے‘

ایوان میں بلاول بھٹو کیلئے مائیک آن نہ کرنے پر پیپلزپارٹی برہم

پاکستان پیپلز پارٹی کےمرکزی  سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے اسٹیٹ بنک کی سہ ماہی رپورٹ پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ معاشی ترقی کے جھوٹے دعویدار مرکزی بنک کی سہ ماہی  پورٹ سے مکمل بے نقاب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا اسٹیٹ بنک رپورٹ کے مطابق اوسط مہنگائی پورے مالی سال کے ہدف سے بھی آگے نکل گئی ہے ۔

نیر بخاری نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کا ہر دعوی اور وعدہ جھوٹا نکلا، گڈ گورننس کے دعویداران کی  ناقص کارکردگی روز بروز عیاں ہو رہی ہے ۔ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ میں ترقیاتی اخراجات میں کمی سے ہونے والی بچت کا زائل ہونا سوالیہ نشان ہے۔

سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ کل اسٹیٹ بنک رپورٹ میں مہنگائی میں اضافہ پر مہر تصدیق ثبت کی گئی تو آج گورنر اسٹیٹ بنک نے شرح سود میں ایک فی صد اضافہ کے ساتھ اگلے دو ماہ میں مزید مہنگائی کی نوید سنا دی ہے

نیر بخاری نے کہا کہ معیشت کا پہیہ جام ہونے سے صنعتوں میں نوبت تالہ بندی تک آگئی ہے جسکی وجہ سے روزانہ اجرت ملازمین کی بے روزگاری کا سونامی آیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے پیٹ کاٹنے والے بے رحم حکمرانوں نے لوگوں کا جینا دوبھرکر دیا ہے،کھوکھلےنعروں پر لوگوں کی امیدوں کا خون کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔

سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے سلیکٹڈ حکمرانوں کو متنبہ کیا ہے کہ اس وقت سے ڈریں جب لوگ اپنی زندگیاں اجیرن بنانے والوں کی زندگیاں مشکل بنانے کیلئے اٹھ کھڑے نہ ہو جائیں ۔

نیر بخاری نے کہا کہ اشرافیہ کے نمائندہ حکمرانوں کے دور میں سنگین معاشی بحران اور قرضوں کا جال غریبوں کو مزید بے حال کر رہا ہے،حکمران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب کا خون نچوڑ رہے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیے: مرکزی بنک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا

نیر بخاری نے مزید کہا کہ عوام غربت کی لکیر کی آخری سطح اور حکمران خاندان امارت کی بلند ترین سطع پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ عمران صاحب آپ سلیکٹڈ ، نالائق ، نااہل اور معاشی دہشت گرد ہیں،اسٹیٹ بنک کا شرح سود میں ایک فیصد اضافہ دراصل آپ کی 100 فیصد نالائقی کا ثبوت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے نے قوم کا ایک ایک روپیہ امانت سمجھ کر ملکی مفاد مین خرچ کیا۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے سرکاری پیسہ قانونی اور آئینی اختیار کے تحت استعمال کیا۔

انہوں نے کہا آج کابینہ کے اجلاس میں غریب عوام کی پندرہ روپے کی روٹی اور 20 روپے کے نان کی بھی بات کر لیتے،عوام کا روٹی، روزگار اور کاروبار بند ،کابینہ اجلاس میں اِس پر بھی بات کر لیتے۔

مریم اورنگزیب نے وزیرا عظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب  ٹی وی لگائیں پالیسی ریٹ میں 12.25 فیصد سے 13.25 ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں