امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات


امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی ہے۔

وفد کی قیادت چیرمین (پاک امریکہ بزنس کونسل) ڈاکٹر محمود خان نے کی جبکہ وفد میں بڑی امریکی کمپنیوں کے دو درجن سے زائد چیف ایگزیکٹوز شامل تھے-

دوران ملاقات دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاک امریکہ بزنس کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ میں پاک امریکہ بزنس کونسل کا کردار قابل تحسین ہے،پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلقات دیرینہ اور کثیرالجہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ،صدر ٹرمپ کی دعوت پر دورہ ء امریکہ پر روانہ ہو رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس دورہ سے فایدہ اٹھاتے ہوئے اہم امریکی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے میسر مواقعوں اور جنوبی ایشیا کی مارکیٹ کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے نئی ویزہ رجیم متعارف کروائی ہے تاکہ یہاں کاروباری شخصیات کو پاکستان آنے اور کاروبار کرنے میں سہولت میسر آ سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کاروبار – دوست پالیسیاں متعارف کروا رہے ہیں ،پاکستان ایک زرعی ملک ہے -زراعت اور خوراک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک امریکہ بزنس کونسل ،امریکہ اور پاکستان کے مابین ،مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے میں معاونت کر سکتی ہے۔

پاک امریکہ بزنس کونسل کے اراکین نے وزیر خارجہ کو دونوں ممالک کے مابین اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم 20 جولائی کو پانچ روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہوں گے


متعلقہ خبریں