ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ’پلاسٹک ریپنگ‘ کی قیمت کم کر دی گئی


نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ’پلاسٹک ریپنگ‘ یعنی سامان کو مومی کاغذ میں پیک کرنے کی قیمت کم کر دی گئی ہے۔

سیکرٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کہاہے کہ  مسافروں کو سہولیات دینے کے لیے مسافروں کے سامان کو پیک کرنے کی قیمت کم کی گئی ہے۔  تمام ائر پورٹس پر ریپنگ کا نیا ریٹ پچاس روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ پہلے ائرپورٹ پر ڈبل ریپنگ کے نرخ چار سو اور سنگل کے دو سو روپے مقرر تھے۔ پاکستان کے تمام ائرپورٹس پر آج سے ہی نئے ریٹ لاگو ہونگے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں  ایوی ایشن ڈویژن نے ملک کےتمام بڑے ائرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئےبیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کیلئے پلاسٹک ریپنگ  لازمی قراردے دی تھی۔

ذرائع نے ہم نیوز کوبتایا کہ بغیر پلا سٹک ریپنگ کے سفری بیگ لیجا نے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ملک بھر کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی سامان کی ریپنگ کے حوالے سے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ایوی  ایشن ڈویژن کے ذرائع کے مطابق تمام بڑے انٹرنیشنل ائرپورٹس پر ایک سے زائد ریپنگ مشینیں نصب کی جائیں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریپنگ مشینوں کیلئے ٹینڈر جاری کردیئے۔ ٹینڈرپیپرا رول کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیاہے کہ مسافروں کے سامان کی ریپنگ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ مسافروں کے بیگوں میں سے چوری کے واقعات کی روک تھام  میں بھی مدد دے گی۔

یہ بھی پڑھیے:بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کیلئے پلاسٹک ریپنگ  لازمی قرار


متعلقہ خبریں