ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں، 8 افراد جاں بحق

پنجاب، آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، انتظامیہ ہائی الرٹ

اسلام آباد:ملک بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث 8 افراد جاں بحق اور درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے پیشگوئی کر دی۔

ملک بھر میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) اور تونسہ کے درجنوں دیہات زیر آب آگئے جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

طوفانی بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا، ڈی جی خان میں کوہ سلیمان پر موسلا دھار بارش سے برساتی نالہ سخی سرور میں طغیانی آ گئی۔ جس کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

برساتی نالہ سنگھڑ میں طغیانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا آبائی گاؤں بارتھی کا تونسہ اور ڈی جی خان سے زمینی رابطہ دو روز کے لیے منقطع ہو گیا۔

لاہور میں بھی شدید طوفانی بارش کے باعث مصروف شاہراہ پر 15 فٹ گہرا شگاف پڑھ گیا جس کی وجہ سے قریب موجود پلازے کی بیسمنٹ میں پانی بھر گیا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات درج کرانے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی نہیں آیا۔ بیسمنٹ میں پانی بھر جانے کی وجہ سے کروڑوں روپے مالیت کا الیکٹرونکس کا سامان زیر آب آ گیا۔

تاجروں نے شکایت کی کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن واسا محکمے کو 12 کے قریب درخواستیں دینے کے باوجود محکمے کی جانب سے کچھ نہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں مون سون بارشیں: ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ملک بھر میں ہونے والی بارشوں سے 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے، بارشوں سے ہونے والا جانی نقصان خیبر پختونخوا (کے پی) میں ہوا اور 173 گھر بھی متاثر ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 16 سے 19 جولائی تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے برساتی نالوں، ندی نالوں ‏اور نہروں کی صفائی سمیت تمام اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر ہاؤسنگ سوسائٹی میاں محمود الرشید نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پانی کی نکاسی تک متاثرہ علاقوں میں موجود رہوں گا جبکہ واسا اہلکاروں کو پانی کی فوری نکاسی کے لیے ہدایت کر دی ہے۔


متعلقہ خبریں