وادیٔ نیلم: 27 لاپتہ افراد میں سے 3 کی لاشیں مل گئیں


وادیٔ نیلم کے علاقے  لیسوا  میں کلاؤڈ برسٹ یعنی طوفانی بارش کے بعد کئی مکانات صفحہ ہستی سے مٹ گئے،سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 27 افراد میں سے تین کی لاشیں  تلاش کرلی گئیں۔

متاثرہ علاقے میں پاک فوج اور سول انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، اسپیکر قانون ساز اسمبلی اور صدرآزاد کشمیر نےبھی متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر اتوار کی شب کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے27افراد میں سے 24 افراد کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے لیکن  تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

مقامی ذرائع کا کہناہے کہ سیلابی ریلے میں 120 مکانات ، 30 دکانیں اور دو مساجد بہہ گئیں ، رابطہ پُل بھی پانی کی نذر ہو جانے کے باعث لیسوا کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے ، بزرگ عارضی لکڑی کے بنائے گئے پُل سے گزرنے پرمجبور ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے کہا گیاہے کہ  وادیٔ نیلم  میں 27 افراد لاپتہ ہیں ،سات افراد زخمی جبکہ 150 گھر اور دو مساجد کو نقصان پہنچا ہے۔ لیسوا بازاد میں 70 دکانیں اور چھ اسٹورز تباہ ہوگئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ، متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔

اسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے لیسوا کا دورہ کیا اور متاثرین کو امداد کی یقین دہانی کرائی۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان بھی متاثرین کی داد رسی کے لئے پہنچے، سول انتظامیہ اور آرمی حکام نے انہیں جانی و مالی نقصان پر بریفنگ دی ۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کو بنیادی ضروریات کی چیزیں مہیا کی گئی ہیں، دو سو خاندانوں کے لئے کمبل رضائیاں، خیمے اور خوراک تقسیم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر، سیلابی ریلے میں 24 افراد لاپتہ، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن


متعلقہ خبریں