این اے 205گھوٹکی کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 5 روز کیلئے مؤخر

فوٹو: فائل


الیکشن کمیشن نے این اے دوسو پانچ گھوٹکی  کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 5روز کے لیے مؤخر کردی ہے۔ این اے 205میں 18 جولائی کوہونے والی ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ  اب 23جولائی  کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے سکھر ہائی کورٹ میں امیدواروں کے خلاف اپیلوں کا فیصلہ تاخیر سے  ہونے کے باعث الیکشن موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔اب این اے دوسوپانچ گھوٹکی کی نشست پر ضمنی الیکشن تئیس جولائی کو ہوگا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو کو شوکاز نوٹس جاری کردیاہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلاول بھٹونے پابندی کےباوجود حلقےمیں انتخابی مہم چلا کر قواعد کی خلاف ورزی کی ۔

سابق وزیراعلی قائم علی شاہ ،خورشید شاہ اور ناصرحسین شاہ کو بھی شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ جی ڈی اے رہنما سردار علی گوہر مہر کوبھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے پابندی کےباوجود گھوٹکی ضمنی الیکشن کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بھی گھوٹکی کا دورہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی شکایت کے معاملے میں وزیراعظم کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے الیکشن کمیشن میں 27 جون جواب داخل کرادیاتھا۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات میں وزیراعظم کی طرف سے جواب جمع کرایا۔

ڈاکٹر بابر اعوان کی طرف سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ این اے 205 شہید بینظیر آباد کے ریجنل الیکشن کمشنر نے 19 جون 2019 کو وزیراعظم کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوایا،نوٹس میں وزیراعظم سے انکے دورہ گھوٹکی پر وضاحت مانگی گئی ہے۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ قانون پر کاربند رہنے والے ایک مہذب اور اصولی رہنما کیطرح وزیراعظم نے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ پر ہے کہ وزیراعظم کی کابینہ کے رکن جناب علی محمد مہر دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ وزیراعظم علی محمد مہر مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے گھوٹکی گئے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد بیان داخل کرنے پر مزکورہ شخص کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل اختیار رکھتے ہیں،الیکشن کمیشن 19 جون کا نوٹس واپس لے اور درخواست گزار کی درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کرے۔

یہ بھی پڑھیے: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس، وزیر اعظم نے جواب جمع کرادیا


متعلقہ خبریں