لاہور بورڈ میٹرک کے امتحان میں پاس ہونیوالے 2 ہزار طلبہ کا بین الاقوامی معیار کا ٹیسٹ لے گا


پنجاب کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن  راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ لاہور بورڈ میٹرک کے امتحان میں پاس ہونے والے 2 ہزار طلبہ کا بین الاقوامی معیار کا ٹیسٹ لے گا جس سے مارے طلبہ کی قابلیت اور ایجوکیشن سسٹم میں موجود نقائص کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز  اور وزیر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس سے پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمین نے لاہور بورڈ میں ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی، ایڈیشنل سیکرٹری طارق حمید بھٹی بھی موجود تھے۔

راجہ یاسر نے کہا کہ تحریک انصاف میرٹ اور ٹرانسپرنسی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ایک شفاف عمل کے تحت تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین اور یونیورسٹی کے وائس تعینات کیے گئے ہیں۔ میرٹ پر تعیناتی کا مثبت اثرات نظر آئیں گے۔

وزیر ہائر ایجوکیشن نے چیئرمین بورڈز سے کہا کہ آپ نے کسی قسم کا دباؤ قبول  کئے بغیر میرٹ پر فیصلے کرناہیں۔ پنجاب کے تعلیمی بورڈز کا معیار بین الاقوامی اداروں کے برابر لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ویں جماعت تک تعلیم کو سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ  کے تحت  کرنے کا پلان ہے۔ ہائر ایجوکیشن میں بہتری کے لئے سکول سسٹم میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔   طلبہ کو نمبروں کی دوڑ سے نکالنے کے لئے متناسب گریڈنگ کا سسٹم متعارف کروا رہے ہیں۔

راجہ یاسر نے کہا کہ متناسب گریڈنگ سے امتحان مشکل ہونے اور کم نمبر آنے کی صورت میں بھی گریڈز پر فرق نہیں پڑے گا۔وزیر ہائر ایجوکیشن کی تمام چیئرمین بورڈز کو امتحانات میں مارکنگ  بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ری چیکنگ کے دوران جواب کی کوالٹی کے مطابق دوبارہ مارکنگ کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپر ز کی ری چیکنگ کے لئے میکنزم کے حوالے سے تمام بورڈز اپنی سفارشات پیش کریں۔ پیپرز کی چیکنگ اور ری چیکنگ گورنمنٹ سنٹرز میں ہونی چاہئے۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ محکمہ نے انتہائی شفاف نظام کے تحت قلیل وقت میں تمام بورڈز کے چیئرمین تعینات کئے ہیں، سابقہ ادوار میں  اداروں کو تباہ کرنے میں کوئی کسر رواں نہ رکھی گئی۔  تعلیمی نظام میں بہت سی خرابیاں ہیں جنہیں فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پرائمری جماعت تک میڈیم آف ایجوکیشن اردو رکھا جائے،پرائمری تک انگلش کو بطور مضمون پڑھایا جائے گا۔

وزیربرائے  اسکول ایجوکیشن نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں میں یکساں نصاب کیلئے پی سی ٹی بی  فریم ورک تشکیل دے رہا ہے،نجی ادارے اس فریم ورک میں رہتے ہوئے اپنا نصاب تشکیل دے سکتے ہیں، امتحانات بھی اسی فریم ورک کے مطابق لئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب: میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا


متعلقہ خبریں