بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوچنگ اسٹاف کی چھٹی کرانے کا فیصلہ


ورلڈکپ 2019 میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کوچنگ اسٹاف کی چھٹی کرنے کا فیصلہ کر لیاہے، نئے ہیڈ کوچ اوردیگر اسٹاف کے لیے درخواستیں بھی طلب کرلی گئیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ راوی شاستری، بیٹنگ ، بالنگ، اور فیلڈنگ کوچ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق 30 جولائی تک نئے ہیڈ کوچ اور دیگرعہدوں کے لیے درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔

بھارتی ٹیم کےکوچنگ اسٹاف کے معاہدے کی مدت پوری ہو چکی تھی، ورلڈ کپ میں شکست کے بعد کوچنگ اسٹاف اور ٹیم مینیجمنٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری طرف  بھارت کی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد سے ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

کئی لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما پر زیادہ انحصار ٹیم انڈیا کو لے ڈوبا۔

بھارتی میڈیا نے کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ہر ٹیم ایک ورلڈ کپ کے بعد دوسرے کے لیے تیاریاں شروع کردیتی ہے اور اسی سلسلے میں بورڈ روہت شرما اور ویرات کوہلی کے درمیان کپتانی تقسیم کرنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی جبکہ روہت شرما کو ون ڈے کا کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کپتان کو بورڈ کی جانب سے بھرپور حمایت ملی ہے اور اب اگلے ورلڈ کپ کی تیاریاں کرنے کا وقت ہے، روہت شرما اس حوالے سے بہترین انتخاب ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی کپ 2019 میں بھارتی ٹیم کی مجموعی طور پر طور پر کارکردگی شاندار رہی تاہم سیمی فائنل میں اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں خلاف توقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم میں اختلاف کی خبریں بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم میں کوہلی اور شرما گروپ بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم دو دھڑوں میں تقسیم


متعلقہ خبریں