سال کی سب سے بڑی فلم ’’سپراسٹار‘‘ کے ٹریلر کی سوشل میڈیا پر دھوم



مومنہ اینڈ دُرید فلمز اور ہم فلمز کی نئی آنے والی فلم سپراسٹار کے ٹریلر نے پہلے ایک ہی دن میں لاکھوں دیکھنے والوں کے دلوں میں گھر کرلیاہے۔

ماہرہ خان اور بلال اشرف کی سپر اسٹار کا ٹریلر سوشل میڈیا پر چھا گیا، تھرل، رومانس اور مرکزی کرداروں کے ٹکراؤ کے خوبصورت امتزاج نے ناضرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

سپر اسٹار فلم بینوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔  سوشل میڈیا پر ہر طرف ہم فلمز کی سپر اسٹار کے چرچے ہیں۔ فلم کے ٹریلر کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

مومنہ اینڈ  دُرید فلمز اور ہم فلم کے بینر تلے بننے والی فلم سپر اسٹار کے ٹریلر میں ایک کامیاب فلم کی تمام خوبیاں شامل ہیں۔ فلم کے ٹریلر میں ماہرہ خان اور بلال اشرف کی جوڑی اور اداکاری کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں تھرل، رومانس اور مرکزی کرداروں کے ٹکراؤ کا خوبصورت امتزاج ہے،موسیقی کی جھلکیاں دیکھنے والوں کو سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔

سپراسٹارفلم کے ہدایت کار احتشام الدین ہیں، ڈائیلاگ علی اور مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کئے ہیں۔فلم کا اسکرین پلے اور میوزک اذان سمیع خان نے تخلیق کیا ہے۔

سپر اسٹار میں اداکارہ ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ اور مانی کی اسپیشل اپیئرنس بھی شامل ہے جبکہ اداکارہ کبریٰ خان کا ایک اسپیشل ڈانس نمبر بھی فلم کا حصہ ہے۔

ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، عاصمہ عباس، سیف حسن، علیزے شاہ، علی کاظمی اور وقارجیسے نامور فنکار بھی اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں  گے۔

’سپر اسٹار‘ کا پوسٹر جون کے پہلے ہفتے میں جاری کیا گیا تھا جبکہ پہلا گانا’ بے کراں’ جولائی میں ریلیز کیا گیا۔

‘بے کراں’ کو ماہرہ خان اور بلال اشرف پر فلمایا گیا جبکہ اس کے بول شکیل سہیل نے تحریر کیے ہیں۔ دونوں کی اداکاری نے علی سیٹھی اور زیب بنگش کی گائیگی کو چار چاند لگا دیے ہیں اور لازوال اداکاری کے جوہر دکھانے پر انہیں پاکستان فلم انڈسٹری کی بہترین جوڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

مومنہ اینڈ دُرید اور ہم فلمز کے بینرز تلے بننے والی فلم سپراسٹار عیدالاضحیٰ پر بیک وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سال کی سب سے بڑی فلم ’سپر اسٹار‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا


متعلقہ خبریں