کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار


لاہور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ حافظ سعید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

حافظ سعید کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لاہور سے گوجرانوالہ جارہے تھے۔

ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کے مطابق حافظ سعید کو چند اکٹھا کرنے اور داخلی معاملات پر گرفتار کیا گیا ہے۔

حافظ سعید انسداد دہشت گردی عدالت گجرانوالہ میں ایک اور مقدمے میں ضمانت کرانے کے لیے جارہے تھے، جیسے ہی وہ گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوئے انہیں سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: دہشتگردوں کی معاونت، پانچ کالعدم تنظیموں پر مقدمات درج

انہوں نے گزشتہ روز ایک مقدمے میں ضمانت قبل ازگرفتاری بھی کرائی  تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے سربراہ پر دہشت گردوں کی مالی  امداد سمیت دیگر الزامات ہیں۔

دہشت گردوٕں کی مالی معاونت پر پانچ کالعدم تنظیموں کیخلاف مقدمات دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

ان افراد پر ٹرسٹ کے نام پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔ مقدمات کی کاپی ہم نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

معاملے پر بات کرتے ہوئے سینئر صحافی محمد مالک نے کہا کہ ریاست کی جانب سے حافظ سعید کی گرفتاری ایک اچھا فیصلہ ہے، اداروں کے پاس ایک لمبی فہرست موجود ہے امید کرتا ہوں کہ یہ اچھا آغاز ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتے، ماضی میں ایسا ہوتا آیا ہے کہ ہم مفادات کی بنیاد پر لوگوں کو تحفظ فراہم کرتے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کا مؤقف ایک ہے اور ہم دنیا سے ہٹ کر تنہا نہیں چل سکتے۔

حافظ سعید کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے بریگیڈئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ انہیں پہلے بھی گرفتار کیا گیا ہے مگر اصل بات یہ ہے کہ عدالت میں ان کے خلاف پیش کرنے کے لیے کوئی ثبوت موجود ہے یا نہیں۔

وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو 21 فروری 2019 کو کالعدم قرار دیا تھا۔ دونوں تنظیمیوں زیر انتظام سندھ میں چلنے والے مدارس اور فلاحی ادارے بھی صوبائی حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔

مارچ 2019 میں حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں قائم مسجد قبا، مدرسہ خالد بن ولید، مدرسہ ضیا القرآن، مدنی مسجد اور علی اصغر مسجد کو بھی اپنی تحویل میں لیا تھا۔


متعلقہ خبریں