چیف سلیکٹر انضمام الحق کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کیے گئے معاہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو پی سی بی حکام سے ملاقات ہوئی جس میں عہدے کی مدت میں توسیع کی پیشکش کی گئی تاہم میں معذرت کرلی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر پی سی بی کی جانب سے کسی دوسرے عہدے کی پیشکش کی گئی تو قبول کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عہدہ چھوڑنے کا مقصد نئے لوگوں کو موقع دینا ہے تاکہ ورلڈ کپ 2023 کی تیاری بھرپور طریقے سے کی جا سکے۔

ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہ پہنچا جا سکا۔

’ایک میچ بری طرح ہارنے کی  وجہ سے رن ریٹ خراب ہوا، اگر رن ریٹ بہتر ہوتا تو ورلڈ کپ جیت سکتے تھے۔‘

بطور چیف سلیکٹر کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے مداخلت نہ کرنے پر شکر گزار ہوں۔


متعلقہ خبریں