میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور ملک سے باہر کوئی  جائیداد نہیں جب کہ سابقہ حکمرانوں کے اربوں روپے ملک سے باہر پڑے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) پر یقین نہیں ہے اس لیے لوگ محصول دینے سے  گھبراتے ہیں۔

عمران خان نے کہا ہمارا کام ہے کہ صنعت کی ترقی میں کاروباری حضرات کی مدد کریں اور انہیں سہولیات دیں تاکہ ملک کا ہر طبقہ ترقی کر سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت جو کچھ کر رہی ہے وہ عوام کے لیے ہے، میرا کوئی ذاتی کاروبار اور ایجنڈا نہیں نہ بیرون ملک جائیدا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سابقہ حکمرانوں کی طرح نہیں ہیں جو ملک لوٹ کر باہر چلے جاتے ہیں۔

خطاب کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں کیوں کہ حکومت سمجھتی ہے کہ صنعتی ترقی ہی ملک کو آگے لے کر جاسکتی ہے۔

ایف بی آر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو عوام کے لیے قابل اعتبار بنائیں گے کیوں کہ ماضی کی کارکردگی کے سبب عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 70فیصد ٹیکس صرف300 کمپنیاں دیتی ہیں اور جیسے پاکستان کو پہلے چلایا جا رہا تھا اب ویسے نہیں چل سکتا۔

گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے شوکت ترین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آرمیں700 ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے اس لیے  ہمارا پہلا کام  ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہے۔

 


متعلقہ خبریں