لاہور: ڈاکٹرز نے مریض کی بائیں کے بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت  لاہور کے ایک نجی اسپتال میں انوکھا آپریشن  کیے جانے کا انکشاف ہواہے ۔ ڈاکٹرز نےایک مریض کی بائیں ٹانگ کے بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق والٹن کے رہائشی محمد عارف کو سوموارکے روز سڑک پر حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے محمد عارف کی بائیں ٹانگ کا گھٹنا فریکچر ہو گیا تھا۔ محمد عارف کے لواحقین اسے لاہور کے ایک نجی اسپتال میں لے گئے جہاں ڈاکٹرز نےاسکی بائیں ٹانگ کے بجائے دائیں ٹانگ کا آپریشن کردیا۔

جب محمد عارف کے رشتے داروں  کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے شور شرابا کیا جس پر ڈاکٹرز نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا اور  مریض کی بائیں ٹانگ کا بھی آپریشن کر دیا۔

ڈاکٹرز کی اس سے بھی زیادہ تشویشناک غلطی گزشتہ برس بھارت میں کی گئی جہاں غلطی سےاصل مریض کے بجائے دوسرے مریض کا آپریشن کردیا گیا تھا۔ اصل مریض کی جگہ دوسرے مریض کا آپریشن کرنے پر ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اسپتال میں سرجن نے کار حادثے میں زخمی ہونے والے مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا۔

منگل کو اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وجندرا تیاگی نامی مریض کو سرکاری اسپتال کے سشرتا ٹراما سینٹر میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض کو کار حادثے کے بعد سر میں چوٹیں آئی تھیں۔

تیاگی نامی مریض کو ٹانگ میں فریکچر والے مریض کے شبے میں آپریشن تھیٹر لے جا کر آپریشن کیا گیا۔

اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ اجے بہال کا کہنا ہے کہ مریض کو بے ہوشی کے عالم میں آپریشن تھیٹر لے جایا گیا جس کی وجہ سے غلطی کی نشاندہی نہیں کی جا سکی۔

اجے بہال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

میڈیکل سپریٹنڈنٹ کے مطابق ڈاکٹر کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا تھا۔ انہوں نے غلطی کی معافی مانگ لی ہے لیکن اسپتال انتظامیہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت میں ڈاکٹر نے غلطی سے دوسرے مریض کا آپریشن کر ڈالا


متعلقہ خبریں