’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار

’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار

لاہور: درید اینڈ مومنہ پروڈکشن اور ہم فلمز کے بینر تلے بننے والی نئی فلم ’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ 19 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ہم فلمز کی نئی پیشکش فلم ریڈی اسٹیڈی نو کی کاسٹ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ ایک مکمل فیملی فلم ہے جو سینما گھروں میں خوب دھوم مچائے گی اور اس فلم کے گانے شائقین کو بہت پسند آئیں گے جبکہ فلم دیکھتے ہوئے گزرا وقت آپ کے لیے یادگار وقت ہو گا۔

فنکاروں نے کہا کہ ’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ رومانس اور کامیڈی کا حسین امتزاج ہے جبکہ فلم میں سماجی موضوعات کو مزاحیہ انداز میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کی مرکزی کردار آمنہ الیاس نے کہا کہ یہ فیملی فلم ہے جسے پورا خاندان ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتا ہے اور اس میں کچھ ایسا نہیں ہے جو غیر اخلاقی ہو۔ فلم کی کاسٹ میں سب سے بڑی میں ہی ہوں اور میں نے پہلی دفعہ مزاحیہ کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سال کی سب سے بڑی فلم ’سپر اسٹار‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا

فلم کی کاسٹ کا کہنا تھا کہ فلم کی موسیقی پر خاص توجہ دی گئی ہے جس کی وجہ سے آپ کا دل فلم چھوڑ کر جانے کو نہیں چاہے گا اور آپ مکمل فلم دیکھیں گے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ فلم بڑی محنت سے تیار کی گئی ہے اسے دیکھنے ضرور آئیں۔

فلم ڈائریکٹر ہشام منور نے کہا کہ فلمی صنعت کو بچانے کے لیے اچھی فلمیں بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں تھوڑی سی ہی اسکرینز ہیں لیکن ہماری کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’ریڈی اسٹیڈی نو‘‘ میرے کام سے عشق کا ثبوت ہے اور جو لوگ کم بجٹ میں فلم بنانا چاہتے ہیں یہ ان کے لیے مثال ہے۔

فلم میں مرکز ی کردار آمنہ الیاس اور فیصل سیف نے ادا کیا ہے جبکہ دیگر کاسٹ میں سلمان شاہد، نئیر اعجاز، اسماعیل تارا، نرگس رشید شامل ہیں، فلم کی موسیقی باقر عباس اور حسن بادشاہ نے ترتیب دی ہے۔


متعلقہ خبریں