’قبائلی اضلاع میں انتخابات،نتائج کا اعلان وقت پر نہیں ہوسکے گا ’


سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پرنتائج کا اعلان وقت پر نہیں ہوسکے گا ۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران  کہی۔

کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سسی پلیجو کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ قبائلی اضلاع میں الیکشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ علاقوں میں کنیکٹیویٹی کا مسئلہ ہے ، اس لیے آر ٹی ایس سسٹم نہیں چل سکتاہے ،رزلٹ آر ایم ایس کے ذریعے آئیگا۔

انہوں نے بتایا کہ قانون کے مطابق اگلے دن دو بجے تک رزلٹ کا اعلان ہونا چاہیے لیکن 8 گھنٹے تو دور دراز علاقوں سے رزلٹ کو اکھٹا کرنے میں ہی لگیں گے۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ تھری جی سروس وزارت داخلہ نے بند کی ہوئی ہے جس پر سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کے بارہ گھنٹے کے لیے سروس کھلوائی جائے تو مسئلہ حل ہوجائیگا۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کے 2018 میں شہروں کے رزلٹ کا اعلان دو دو دن بعد کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کے گھوٹکی کے الیکشن کا اعلان تو 2 بجے تک کر دیجئے گا۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کے میڈیا میں جس طرح کی گھما گھمی گھوٹکی کے الیکشن کے حوالے سے نظر آرہی ہے قبائلی علاقوں کے حوالے سے ایسی گہما گھمی نظر نہیں آرہی ہے۔  یہ نہیں کہا جاسکتا کے یہ شفاف الیکشن ہے ۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ قبائلی علاقوں اور گھوٹکی میں فری اینڈ فیئر الیکشن یوں گے۔

قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے بتایا کہ ان علاقوں میں ہونے والے انتخابات میں 16 جنرل نشستیں،4 خواتین کیلئے اور1 نان مسلم کیلئے مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی فہرست شائع کر دی گئی ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ان علاقوں میں ووٹرز کی تعداد 2.8 ملین ہے۔  متعلقہ اضلاع کے لیے ووٹر فہرستیں بھی  فراہم کر دی گئی ہیں۔

سیکٹریٹری الیکشن کمیشن نے  کہا کہ ووٹرز کوا پنے ووٹ کا اندراج دیکھنے کیلئے 8300 پر ایس ایم ایس کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ رجسٹریشن آفسیر 13، اسسٹنٹ رجسٹریشن آفسیر 55،فارم جمع کرانے کے سینٹر309 اور تصدیق کیلئے 903 آفیشل تعینات کیے گئے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ 1671365 مرد ووٹرز اور 1130529 خواتین ووٹرز ہیں۔انتخابات کے حوالے سے تمام سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات20 جولائی تک موخر کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: قبائلی اضلاع میں صوبائی اسملبی کے انتخابات:بیلٹ پپیرز کی چھپائی شروع


متعلقہ خبریں