’عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ کوڑے دان میں پھینکنا چاہیے‘



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے میں عالمی عدالت کا فیصلہ کوڑے دان میں پھینکنا چاہیے اور اس کے ساتھ جاسوس والا سلوک اپنایا جائے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی جے کے فیصلے پر عمل ضروری نہیں کیوں کہ ماضی میں بہت سارے ممالک ایسا کر چکے ہیں، جو شخص خود کہتا ہے کہ وہ را کا ایجنٹ ہے تو کوئی بھی عدالت اسے بری نہیں کر سکتی۔

حافظ سعید کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے نبیل گول نے کہا کہ ٹرمپ نے اس بات پر مہر لگادی ہے کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کا ماسٹر مائینڈ ہے لیکن عمران خان کو چاہیے اس معاملے کو ملاقات میں اٹھائے۔

عمران خان کو چاہیے کہ پاکستان کی ساکھ بحال کرنے کے لیے امریکی صدر کے سامنے احتجاج کریں کہ ہم دہشت گردوں کو پناہ دینے والے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان ٹرمپ سے ملیں تو صرف اتنا بول دیں کہ ہم آپ کے ٹویٹ کی مذمت کرتے ہیں ورنہ ماضی میں ہر پاکستانی وزیراعظم نے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہیں۔

ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پہلے حافظ سعید کی گرفتاری ضروری تھی لیکن ریاست کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ ثبوت کیا ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریاست کو ثابت کرنا ہوگا کہ آٹھ سال میں جو گرفتاری نہیں ہوئی تو آج کن شواہد کی بنیاد پر ہوئی ہے بصورت دیگر حافظ سعید کو اس کیس میں بھی ضمانت مل جائےگی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر نظرثانی پاکستانی عدالتوں میں ہی ہوگی کیوں کہ ہم نے ثابت کیا ہے کہ ہماری ہائی کورٹ نے فوجی عدالتوں کے فیصلے رد کیے ہیں۔

ماہر قانون نے کہا کہ کلبھوشن پر ویانا کنونشن کا اطلاق ہوگا اور پاک بھارت کے درمیان 2008 میں ہونے والے معاہدہ ویانا قوانین میں اضافہ کر سکتا ہے کمی نہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عالمی عدالت نے دونوں ممالک کے لیے ایک متوازن فیصلہ دیا ہے اور یہ بات سچ ثابت ہوئی کہ پاکستان کا مؤقف درست تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات ایک سنہری موقع ہے کیوںکہ امریکہ افغانستان سے نکلنا چاہتا ہے اور یہ پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔

احسن اقبال نے کہ عمران خان کے لیے ایک بڑا امتحان بھی ہے کیوں کہ اس وقت پاکستان کے مفادات کا تحفظ بھی ضروری ہے اور ہماری دعا ہے کہ وزیراعظم کا کامیابی ملے۔

فیصل واوڈا نے حافظ سعید کی گرفتاری کے سوال پر کہا کہ ان پر پاکستان میں دہشت گردی کا کوئی براہ راست الزام نہیں ہے لیکن اب سی ٹی ڈی کی ذمہ داری ہے کہ گرفتاری کے بعد ثبوت پیش کرے کہ کس الزام میں گرفتار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے تو ہم ایکشن کیسے لے سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا عمران خان کی  پالیسی دو ٹوک ہے کہ ہم کسی قسم کی دہشتگردی کا حصہ نہیں بنیں گے اور نہ اپنے ملک کو حصہ بننے دیں۔ پاکستان دہشت گردی کیخلاف علم بلند کرے گا لیکن دہشت گردی نہیں کرے گا۔

دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے فیصل ووڈا نے کہا کہ قوم نے پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت اور ن لیگ کو بھی گھٹنے ٹیکتے دیکھا لیکن یقین کریں عمران خان  امریکی وزیراعظم کے سامنے ماضی کی نسبت مختلف وزیراعظم نظر آئیں گے۔

 


متعلقہ خبریں