شاہد خاقان عباسی کل نیب راولپنڈی میں طلب، لیاقت جتوئی اوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری


کرپشن کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب) کا ایکشن جاری  ہے، ایل این جی کے غیر قانونی ٹھیکوں کی تحقیقات میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو کل ایک بار پھر طلب کر لیا گیا ہے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں چئیرمین نیب نے آٹھ نئی انکوائریوں اور دو تحقیقات کی منظوری  بھی دے دی ہے۔

سابق وزیراعلی سندھ لیاقت جتوئی اور سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے خلاف بھی اختیارات کے ناجائز استعمال کی انکوائری ہو گی۔

نیب ذرائع کا کہناہے کہ ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی نیب کو ابھی تک مطمئن نہیں کر پائے،شاہد خاقان عباسی کو چوتھی مرتبہ کل یعنی  جمعرات کو صبح دس بجے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں بدعنوانی کے خلاف 8نئی انکوائریوں اور 2تحقیقات کی منظوری دی گئی ۔سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کے افسران کے خلاف انویسٹیگیشن کی منظوری بھی دے دی گئی۔

نیب راولپنڈی نے مبینہ کرپشن پر ڈائریکٹر عسکری گروپ شمشاد علی کے خلاف ریفرنس بھی دائر کر دیاہے، گروپ کے سی ای او نہال خان بھی ریفرنس میں ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔

نیب کے مطابق ملزمان نے عوام سے اپنا گھر اور گاڑی کا دھوکہ دے کر 2کروڑ 60لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔ملزمان کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے ۔

قومی احتساب بیورو کی طرف سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا گیاہے کہ نیب نے ملزم شمشاد علی کو کراچی سے گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم نہال خان مفرور ہے اور بیرون ملک ہے۔ نیب نے ملزمان کی جائیداد اور گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔

نیب کے ایگزیکٹوبورڈ میٹنگ میں ضیاالدین اسپتال انتظامیہ کے خلاف انکوائری بندکرنے کی منظوری بھی دی ۔ سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے خلاف بھی عدم شواہد کی بنا پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: ایل این جی کیس: شاہد خاقان عباسی نے نیب راولپنڈی میں بیان ریکارڈ کرادیا


متعلقہ خبریں