آئندہ 36 گھنٹے کے دوران  چترال میں درجہ حرارت بڑھنے اور گلیشئرز پھٹنے کا خدشہ


پشاور:محکمہ موسمیات نے آئندہ 36 گھنٹے کے دوران  چترال میں درجہ حرارت بڑھنے اور گلیشئرز پھٹنے کا خدشہ ظاہر کردیاہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر محکمہ ریلیف خیبرپختونخوا نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ ریلیف کے پی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے ہک چترال میں موسلا دھاربارش،گلیشئرز پھٹنے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کےخدشات ہیں۔سوات، دیر ، کوہستان اورپالس کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کے خدشات ہیں۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف کی طرف سے کہا گیاہے کہ گلیشیئر کے قریب وادیوں کی قریبی مکین احتیاط کریں اورمتعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں۔ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی  عوام ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے پیش نظر احتیاط کرتے ہوئے ندی نالوں سے دور رہیں۔

محکمہ ریلیف نے وادی چترال میں آنے والے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ سیاح چترال کے دورافتادہ وادیوں میں جانے سے گریز کریں۔محکمہ ریلیف نے ضلعی انتظامیہ کو ضروری احتیاطی تدابیر اپنانےاور ایمرجنسی سٹاف کی دستیابی کاالرٹ جاری کردیا ہے۔

حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عوام پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر 1700پررہنمائی کے لئے رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں  خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گولین کے علاقے سے  45 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ڈپٹی کمیشنر ضلع چترال نے ہم نیوز کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر امدادی سامان متاثری تک پہنچا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں پیدل راستے کو بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایک دو روز میں کام مکمل کر کے زمینی رابطہ بحال کردیا جائے گا۔

این ڈی ایم  اے کے مطابق ایک ہزار کلو راشن متاثرین میں تقسیم کیا گیا ہے اور مریضوں کو ضروری ادویات بھی پہنچائی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: چترال: سیلاب سے تین گاؤں متاثر، امدادی سرگرمیاں جاری


متعلقہ خبریں