ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کا امکان


اسلام آباد: ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ چند علاقوں میں بدستور موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں  چند مقامات پر تیز ہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے  کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیزہواوٗں/آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  لاہور، قلات بہاولپور، ہزارہ ، کوہاٹ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوٗں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں  بدستور موسم گرم اور مرطوب رہا۔

سب سے زیادہ بارش خضدار 37، قصور 32، لاہور (ائیرپورٹ 05 ، سٹی 02)، بہاولنگر 03،  مظفرآباد 05، بالاکوٹ 02، پارہ چنار میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں