جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں کی تباہی: 200 ہلاک، درجنوں لاپتہ

جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں کی تباہی: 200 ہلاک، درجنوں لاپتہ

اسلام آباد: مون سون کی بارشوں نے جہاں سخت گرمی کا زور توڑا ہے وہیں جنوبی ایشیا میں تباہی مچاتے ہوئے تقریباً 200 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ تیز بارش اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث انسانوں کی بڑی آبادی سخت مشکلات سے دو چار ہے اور ہزاروں خاندانوں کو دربدری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مختلف ممالک سے ملنے والی لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی لوگوں میں مزید خوف و ہراس پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق بھارت اور نیپال میں ہونے والی مون سون بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے جب کہ تیز آندھیوں اور بارش کی وجہ سے عمارتیں بھی زمیں بوس ہوئی ہیں۔ مختلف پہاڑی علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستوں کی بندش کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کی زندگیاں مزید مشکل بن گئی ہیں۔

ملک بھر میں مزید مون سون بارشوں کا امکان

خبررساں ادارے کے مطابق نیپال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 83 افراد ہلاک اور 35 لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ حکومتی اور سماجی تنظیموں کے امدادی رضاکار اس ضمن میں سخت جدوجہد کررہے ہیں لیکن موسم کی سختی ان کے کام میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔

 

بھارتی ریاست بہار میں سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والے تین ماہ کے ارجن کی تصویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی ہے اور ہر صاحب دل کو رلا گئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بہار کے علاقے مظفر پور کے محلے شیوائی پٹی کے رہائشی ارجن، راجا اور جیوتی سیلاب کے تیز دھارے میں بہہ گئے تھے۔ جس وقت بچے تیز پانی میں بہے تو قریب موجود ان کی ماں رینا دیوی نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ تیز موجوں کے آگے خود کو نہ سنبھال سکی اور ڈوبنے لگی جس پر مقامی افراد نے اسے ایک بچی رادھا سمیت بچالیا لیکن باقی تینوں بہن بھائی بے رحم موجوں کی نذر ہو کراپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بہار میں بارش اور سیلاب نے انتہائی خطرناک صورتحال کو جنم دیا ہے جب کہ آسام سے دو گینڈوں سمیت 30 جانوروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ کچھ علاقں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی بھی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

ہم نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال کے چند مقامات پر تیز ہواوٗں کے ساتھ آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں