شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا گیا



لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ پر گرفتار کیا گیا۔

نیب نے رہنما مسلم لیگ ن کو ایل این جی کیس میں عدم تعاون پر گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کیس میں پیش ہونے سے انکار کیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کا لاہور کی احتساب عدالت سے کل راہداری ریمانڈ لیا جائے گا اور اس سلسلے میں نیب راولپنڈی کی ٹیم صوبائی دارالحکومت روانہ ہوگئی ہے۔

نیب ٹیم ایل این جی کیس کے تمام شواہد بھی ہمراہ لے کرگئی ہے جنہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو نیب راولپنڈی منتقل کیا جائے گا اور کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائےگا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ظلم ہے جو مسلم لیگ ن کی قیادت پہ کیا جا رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کو پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا، نیب ذرائع

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو آخری موقع دیا گیا تھا اور وہ 11 بجے تک اسلام آباد میں ہی موجود تھے۔

ان کو نیب نے 10 بجے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ جان بوجھ کر پیش نہ ہوئے۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب حکام سے اصلی وارنٹ گرفتاری کا مطالبہ کیا تاہم ان کے پاس یہ موجود نہیں تھا اور انہوں نے واٹس ایپ پر وارنٹ گرفتاری دکھانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری کی فوٹو کاپی پر سابق وزیراعظم کو گرفتار کیا گیا، ان کے پاس کچھ دکھانے کو نہیں ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کا جہاز اگر نہیں اڑ رہا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟ اصل بات ہے کہ کپتان نااہل ہے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو ایک فوٹو کاپی کے اوپر گرفتار کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوٹو کاپی پر لکھا جاتا ہے کہ وارنٹ ہمارے پاس نہیں ہے، جس وقت گاڑی روکی گئی تب یہ بھی نہیں تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب وارنٹ مانگے تو بھاگ کر نیب کے دفتر سے فوٹو کاپی لیکر آئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلط وزیر اعظم نالائق ہے، کام نہیں ہو رہا صرف مسلم لیگ ن کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں