اورکزئی: شادی والے گھر میں ماتم، چھت گرنے سے 8افراد جاں بحق ،30زخمی


اورکزئی : لوئر اورکزئی کے علاقہ لیڑہ میں شادی والے  گھر میں برآمدے کی  چھت گرنے سے 8افراد جاں بحق 30زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کو ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش سے بچنے کیلئے شادی میں شریک خواتین ،بچے اور مرد  گھر میں موجود برآمد ےکے اندر چلے گئے اس دوران ان پر چھت گرگئی ۔

مقامی پولیس کے مطابق زخمی اور مرنے والوں  کو مشتی میلہ اور کلایااسپتالوں میں  منتقل کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اوربچوں کی ہے۔

اورکزئی کے مقامی  اسکاؤٹس اور علاقہ کے عوام امدادی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔مقامی ذرائع کی طرف سے واقعے میں زخمیوں کی تعداد 30سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔

مقامی انتظامیہ نے  مشتی میلہ اور کلایا اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ  کردی ہے۔

یاد رہے رواں سال اپریل میں پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں بھی شادی کا گھر اس وقت ماتم کدہ بن گیا جب ایک گھر کی چھت منہدم ہوگئی۔ گھر کی چھت گرنے سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی تین مہمان بچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ چھت گرنے سے دیگر پانچ افراد بھی شدید زخمی ہوگئے ۔

ہم نیوز کے مطابق اوکاڑہ میں ہونے والی شدید بارش کے دوران حویلی لکھا کے محلہ اسلام نگر میں واقع عبدالواحد نامی شخص کے گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی۔ جس وقت چھت گری اس وقت گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاندان پاک پتن سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حویلی لکھا آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:اوکاڑہ: شادی کے گھر میں چھت گرنے سے تین بچیاں جاں بحق5زخمی


متعلقہ خبریں