حکومت گرفتاریوں کے پیچھے معیشت کا جنازہ چھپا رہی ہے، شہباز شریف



لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوازشریف سے قربت کی سزا دی گئی اور حکومت گرفتاریوں کے پیچھے معیشت کا جنازہ چھپا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو عوام کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے لیکن عمران خان یہ جان لیں کہ انہیں یہ سودا مہنگا پڑے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ یہ احتساب کے نام پر ن لیگ کے خلاف بد ترین انتقام ہے اور نیب بھی اس میں برابر کا شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے اور مخالفین کو بد ترین انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے ہزار فٹ لمبی گیس پائپ لائن بچھانے کا ٹاسک شاہد خاقان عباسی نے مکمل کیا اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں بھی سابق وزیراعظم کا کلیدی کردار رہا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا گیا

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم میں انتقام کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور نیب اس کی مدد کر رہا ہے۔ عمران خان مغرور، غصے سے بھرا اور نا اہل وزیراعظم ہے اس کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب اور عمران خان کا کلہاڑا ن لیگ پر اس لے چل رہا ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی لیکن عمران نیازی نے کچھ ماہ میں ہی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔

مسلم لیگ ن کےخلاف احتساب کےنام پرانتقامی کارروائی ہو رہی ہے اور ن لیگ کی قیادت نیب کے عقوبت خانوں میں قید ہے جب کہ عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے ملک میں تماشہ لگا ہوا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اربوں روپے لوٹنے والوں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا کیونکہ وہ حکومتی سسٹم میں ہے، بی آرٹی پشاور میں ناقص میٹریل اور کرپشن سب کےسامنے ہے لیکن  نیب خاموش ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ غلطی ہم سے ہوئی ہوگی لیکن ہم نے پاکستان کی مخلصانہ خدمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ضدی، غصے سے بھرا ہوا انسان اورسلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔ آپ کواندازہ نہیں کہ آپ کے دماغ میں بھوسہ بھرا ہوا ہے،  آپ جتنا مرضی ظلم کریں ہم ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا گیا


متعلقہ خبریں