ملکی خوشحالی کیلئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے، وزیراعظم عمران خان


لاہور:وزیر اعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی  کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ۔ اس کی بدولت روزگار میسر ہو گااور ملک میں دولت بڑھے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہارآج  لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔

وزیر اعظم نے انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا۔ وزیر اعظم نے اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

صنعتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 1960 کی دہائی کا پاکستان ایشیاء میں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی۔ بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔

وزیراعظم نے نمائندگان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔

لاہو رچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے موجودہ حکومت کے جانب سے معیشت کو باقاعدہ دستاویزی شکل میں لانے اور ٹیکس اصطلاحات کے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

نمائندگان نے انڈسٹرئیل زوننگ ، کاروبار کو سہل بنانے  اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

لاہور چیمبر کے نمائندگان نے وزیراعظم کو ایک لاکھ پودے لگانے کی مہم کے بارے میں آگاہ کیا اور وزیر اعظم کو اس مہم کے افتتاح کی درخواست  بھی کی۔

ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت، وزیرِ صنعت میاں محمد اسلم اقبال، صوبائ وزیر اطلاعات صمصام بخاری، ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھراور سینئر افسران شریک ہوئے ۔

وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، نعیم الحق ، ندیم افضل چن بھی ملاقات میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم نے 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا افتتاح کر دیا


متعلقہ خبریں