جس نےجو کیا وہ بھگتے گا، وزیر داخلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے ردعمل میں کہا ہے کہ جس نےجو کیا وہ بھگتے گا۔

گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک خود مختار ادارہ ہے اور کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی دخل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ملکی خود مختاری کی بات کی۔

اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کچھ کیا ہوگا جو نیب انہیں گرفتار کرے گی، جو گرفتار ہوتا ہے انہوں نے کچھ نہ کچھ تو کیا ہوگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے منتخب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والوں کی بھی ہوئی ہیں، احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے جو خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں وہ کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے، وہ کسی ملک کے کہنے پر فیصلے نہیں کرتے اور ہمیشہ فرنٹ پر کھیلتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں اور پاکستان کی پالیسی میں واضح تبدیلی آئی ہے۔


متعلقہ خبریں