عمران خان میانوالی ایکسپریس کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح کل کریں گے

فائل فوٹو


لاہور:وزیراعظم پاکستان عمران خان کل لاہور اورماڑی انڈس کے درمیان میانوالی ایکسپریس کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ نئی ٹرین کا افتتاح میانوالی ریلوے ا سٹیشن سے  کیا جائیگا۔

ریلوے  حکام کے مطابق میانوالی ایکسپریس میں 5 بوگیاں اکانومی کلاس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور ایک بوگی پاور پلانٹ پر مشتمل ہوگی۔ شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ ،سانگلہ ہل  اورچنیوٹ  میانوالی ایکسپریس کے اسٹاپ ہوں گے۔

میانوالی ایکسپریس سرگودھا، خوشاب، کندیاں، میانوالی اورداﺅدخیل پر بھی اسٹاپ کریگی۔ میانوالی ایکسپریس رات 9بجے لاہور سے روانہ ہوکر اگلے روزصبح 6 بجے ماڑی انڈس پہنچا کرے گی۔

ماڑی انڈس سے بھی میانوالی ایکسپریس رات 9 بجے روانہ ہوکر اگلے روز صبح 6بجے لاہور پہنچا کرے گی۔

میانوالی ایکسپریس میں لاہور سے سرگودھا تک اکانومی کلاس کا کرایہ 250 اور اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 650 روپے رکھا گیا ہے۔ لاہور سے میانوالی کا اکانومی کلاس کا کرایہ 350 روپے، اے سی سٹینڈر ڈ کا کرایہ 800 روپے ہوگا۔

لاہور سے ماڑی انڈس کا اکانومی کلاس کا کرایہ 400 روپے، اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 1000 روپے ہوگا۔

یاد رہے گزشتہ سال ستمبر میں بھی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم عمران خان کے آبائی شہر میانوانی کے لیے نئی ٹرین سروس شروع  کی تھی جس کا نام میانوالی ایکسپریس رکھا گیا۔

ٹرین کے افتتاح سے قبل ترنول ریلوے اسٹیشن کے دورے کے موقع پران کا کہنا تھا کہ میانوالی ایکسپریس 14 ستمبر2018 سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی جو کہ راولپنڈی سے  پانچ گھنٹوں میں میانوالی پہنچے گی۔

وفاقی وزیرشیخ رشید نے بتایا کہ میانوالی ایکسپریس راولپنڈی سے میانوالی کے لیے صبح سات بجے اور میانوالی سے راولپنڈی کے لیے دوپہر دو بجے روانہ ہوا کرے گی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ریلوے کا قلمدان سنبھالتے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ریلوے کی بہتری کے لیے تمام اقدامات کریں گے اور ریلوے کا خسارہ کم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ریلوے کی زمین وا گزار کرانے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین کو بیچ کر پاکستان کا قرض بھی ادا کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کے شہر میانوالی کے لیے نئی ٹرین سروس


متعلقہ خبریں