قومی ادارہ صحت کا 2خطرناک بیماریوں سے متعلق انتباہ

کراچی میں کانگو کا ایک اور شکار چل بسا

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے مرس کورونا وائرس اور کانگو بخارایسی موذی بیماری سے بچاؤ کے لیے انتباہی مراسلہ جاری کردیاہے۔

این آئی ایچ  کی طرف سے جاری انتباہی مراسلے میں بتایا گیاہے کہ مرس کورونا وائرس ایک متعدی بیماری ہے جس کی وجہ سے انسان سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر شدید بیمار ہو جاتا ہے۔انسانوں میں اس بیماری کی شناخت ستمبر 2012ء میں ہوئی۔

مرس کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری سے متاثرہ زیادہ تر مریض سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ، قطر ، اردن اور ساؤتھ کوریا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں تاحال MERS-CoV کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق  حج کے موقع پر سعودی عرب اور مشرق وسطٰی سے آنیوالے مسافروں کے ذریعے اس وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اس خدشے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں مرس کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری کی شدت ،پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ قومی ادارہ صحت نے کانگو بخار سے بچاؤ کے لئے بھی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عیدالاضحٰی پر ملک کے تمام صوبوں سے جانوروں کی نقل و حرکت غیر معمولی طور پر بڑھنے کی وجہ سے اس بیماری کے پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیا کرنا بے حد ضروری ہے۔

ان ایڈوائزریوں کے ساتھ ساتھ قومی ادارہ صحت نے موسمی بیماریوں سے آگاہی کے حوالے سے اپنا 45واں سہہ ماہی انتباہی مراسلہ  بھی جاری کر دیا ہے جس میں موسم گرما اور مون سون میں ہونے والی متوقع وبائی امراض سے متعلق متنبہ کیا گیا ہے۔

اس مراسلے کو شائع کرنے کا اصل مقصد وبائی امراض پھیلنے سے قبل وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کے حکام اور ماہرین کو خبردار کرنا اورامراض پھیلنے کی صورت میں بروقت نمٹنے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہےتاکہ ان امراض سے ہونے والی اموات میں کمی کی جاسکے۔

یہ مراسلہ اور ایڈوائزریاں ، قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ پر بھی دستیاب ہے۔ www.nih.org.pk

یہ بھی پڑھیے: قومی ادارہ صحت نے 3خطرناک بیماریوں سے متعلق خبردار کردیا


متعلقہ خبریں