نواز شریف سے مریم اور شہباز شریف کی ملاقات، اندرونی کہانی


سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز سے کہاہے کہ وہ احتساب عدالت پیش ہو کر ثابت کریں  کہ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ والد نے اپنی بیٹی کو ہمت نہ ہارنے کی تلقین کر دی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی انکی صاحبزادی مریم نواز اور بھائی سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

العزیزیہ ریفرنس میں  سزاسنائے جانے کے بعد کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید نواز شریف سے ہفتہ وار ملاقات کا دن آیا تو ان کی بیٹی اور بھائی نے کوٹ لکھپت جیل کا رخ کیا۔

ذرائع کے مطابق  سابق وزیراعظم  نے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا کہ  عمران خان دورے سے پہلے امریکہ کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

تین گھنٹے تک ہونے والی ملاقات میں مریم نواز نےسابق وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ وہ  فیصل آباد ریلی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔  شہباز شریف نے سیاسی صورت حال اور آئندہ کے پارٹی لائحہ عمل پرن  لیگی قائد کو بریف کیا۔

نواز شریف نے بیٹی کو حوصلہ نہ ہارنے کی تلقین کی اور یہ بھی کہا ہے کہ احتساب عدالت میں پیش ہو کر ثابت کریں کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز کو پچیس جولائی کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت  بھی کر دی۔  نواز شریف نے دوران گفتگو حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان دورہ امریکہ سے پہلے ٹرمپ کی خوشنودی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف کچھ نہیں نکلا تو جھوٹی خبریں لگوانا شروع کر دی گئی ہیں۔

نواز شریف نے شہباز شریف کے وزیراعظم اور شہزاد اکبر کے خلاف عدالت جانے کے فیصلے کو بھی سراہا،ن لیگی رہنماوں کو ایک بار پھر پارٹی قائد سے ملنے کی اجازت نہ ملی تاہم جیل کے باہر کارکن حکومت کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز ، شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات،اندرونی کہانی


متعلقہ خبریں