’لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں‘



لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا حکومت چاہتی ہے کہ آصف زرداری اور شریف فیملی پیسے ادا کریں اور آزاد ہوں کیوں کہ ہم خود بھی ان لوگوں کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا حکومت نہیں چاہتی کہ ان کو جیلوں میں رکھ کر پروٹوکول، سیکیورٹی اور دیگر اخراجات پر پیسے خرچ کرے۔

شہزاد اکبر نے کہا اگر ان لوگوں نے پلی بارگین کرنی ہے تو قومی احتساب بیورو(نیب) کے ساتھ کریں اور اس کے لیے قانون بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوید اکرام پلی بارگین کرچکا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان لوگوں نے جتنا پیسہ لوٹا ہے واپس کریں اور ہماری جان چھوڑیں۔

مشیر برائے احتساب نے ذرائع ابلاغ کے سامنے کہا کہ نیب قانون کے مطابق جائیداد ضبط ہوگی اور ریکوری کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی پریس کانفرنس اپنا رد عمل دیتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آج شعبدہ بازی کرتے ہوئے عوام کے سامنے جھوٹ بولا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان ملزمان کی فہرست نیب سے طلب کی ہے جو ملک سے باہر ہیں ان میں اسحاق ڈار سب سے اہم کیس ہے جن کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

مشیرخاص کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ ہمارا ایم او یو سائن ہوا ہے کہ قانونی تقاضے پورے ہونے پر اسحاق ڈار کو حوالے کیا جا سکے گا۔


متعلقہ خبریں