مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جو 20جولائی یعنی ہفتے کو ہوگا۔

مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ  پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی ) کا ہنگامی اجلاس ہفتہ 20جولائی کی دوپہر دو بجے لاہور میں منعقد ہوگا۔

پارٹی کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت سی ای سی کے اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت اور دیگر عہدیداران شرکت کریں گے۔

اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری، غربت میں اضافے اور معاشی بدحالی کے امور زیرغورآئیں گے۔ جج احتساب عدالت کو عہدے سے ہٹانے کے باوجود بے گناہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کالعدم نہ ہونے اور ان کو رہاء نہ کرنے پر بھی مشاورت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیاہے کہ نیب کی جانب سے پارٹی رہنماوں کی گرفتاریوں کے معاملے پر غور ہوگا اورحکومت کی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر جوابی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

چئیرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے رابطوں اور لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیاجائے گا۔

آج  مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوازشریف سے قربت کی سزا دی گئی اور حکومت گرفتاریوں کے پیچھے معیشت کا جنازہ چھپا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو عوام کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے لیکن عمران خان یہ جان لیں کہ انہیں یہ سودا مہنگا پڑے گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ یہ احتساب کے نام پر ن لیگ کے خلاف بد ترین انتقام ہے اور نیب بھی اس میں برابر کا شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے اور مخالفین کو بد ترین انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے ہزار فٹ لمبی گیس پائپ لائن بچھانے کا ٹاسک شاہد خاقان عباسی نے مکمل کیا اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں بھی سابق وزیراعظم کا کلیدی کردار رہا۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت گرفتاریوں کے پیچھے معیشت کا جنازہ چھپا رہی ہے، شہباز شریف


متعلقہ خبریں